امریکا: 28 برس قبل کھونے جانے والی انگوٹھی مِل گئی

ایک شخص نے جھیل سے میٹل ڈیٹیکٹر سے سگنل ملنے پر جب چٹان ہٹائی تو انگوٹھی وہیں پڑی تھی


ویب ڈیسک September 01, 2026

امریکا میں جھیل میں کھو جانے والی انگوٹھی 28 سال بعد واپس مل گئی۔

ریاست نیویارک میں دھات تلاش کرنے کے شوقین دو افراد نے ایک جھیل سے ایسی کلاس رنگ دریافت کی جو تقریباً 28 سال قبل پانی میں گم ہوگئی تھی۔ مائیکل سیگل اور ڈیلن لاپورٹ گریٹ ساکانڈاگا جھیل میں میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے تلاش کر رہے تھے کہ انہیں یہ انگوٹھی ایک چٹان کے نیچے ملی۔

انگوٹھی پر ریڈ کرِیک ہائی اسکول، کلاس آف 1988 درج تھا۔ ڈیلن لاپورٹ کے مطابق میٹل ڈیٹیکٹر سے سگنل ملنے پر انہوں نے ایک چٹان ہٹائی تو انگوٹھی وہیں پڑی تھی۔

دونوں افراد نے مالک کی تلاش کے لیے انگوٹھی کی تصاویر فیس بک پر شیئر کیں لیکن کافی عرصے تک کوئی سراغ نہ مل سکا۔

بعد میں انہوں نے ریڈ کریک ہائی اسکول سے رابطہ کیا، جہاں ایک سیکریٹری نے ریکارڈ کی مدد سے انگوٹھی کے مالک کی شناخت سابق طالب علم کم راس بیک کے طور پر کرلی۔

یوں کئی دہائیاں قبل پانی میں گم ہونے والی یادگار انگوٹھی بالآخر اپنے اصل مالک تک پہنچنے کی راہ پر آگئی۔