ایس سی او سربراہ اجلاس: پاکستان نے 27-2026 کے لیے صدارت سنبھال لی

اجلاس کے دوران وزیر خارجہ کی مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں


ویب ڈیسک September 01, 2026

پاکستان نے 27-2026ء کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان مملکت کونسل کی صدارت سنبھال لی، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں علاقائی امن و سلامتی، دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بشکیک میں ایس سی او کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان نے 27-2026ء کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان مملکت کونسل کی صدارت سنبھال لی۔

اجلاس میں  نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی ایس سی او کی 2026-27 کی صدارت سے متعلق ترجیحات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان کی ترجیحات اور مجوزہ حکمت عملی سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا، جبکہ ایس سی او سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی ترجیحات کی حمایت کرتے ہوئے ان کے فروغ کے لیے ایس سی او سیکریٹریٹ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی صدارت کے دوران قریبی رابطہ اور مؤثر رابطہ کاری جاری رکھی جائے گی۔

ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر تنازع کے دونوں فریقوں کا مخلصانہ عملدرآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال کے حوالے سے مسلسل رابطے اور سفارتی مشاورت کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔

بیلاروس کے وزیر خارجہ سے ملاقات

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریزنکوف سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ازبکستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات

اسحاق ڈار اور ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم کے ڈائریکٹر سے ملاقات

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم کے ڈائریکٹر ابراہیم قالن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور اس کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے پہلے اجلاس پر بھی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مسلسل رابطہ کاری اور سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

چینی وزیر خارجہ سے ملاقات

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 2026ء کے اجلاس اور اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل کے انتخاب کے جاری عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔

آرمینیا کے وزیر خارجہ سے ملاقات

آرمینیا کے وزیر خارجہ ارارات مرزویان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو ایک سال مکمل ہونے پر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انتونیو گوتریس سے ملاقات

اسحاق ڈار نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو آگے بڑھانے کے لیے سیکریٹری جنرل کی قیادت کو سراہا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دیرینہ اور قریبی شراکت داری کو اجاگر کیا۔ملاقات میں علاقائی صورتحال، آئندہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی تیاریوں اور سلامتی کونسل میں جاری امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کثیرالجہتی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری اور اصولی کردار کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے انتونیو گوتریس کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی جسے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے قبول کر لیا۔

قبل ازیں شنگھائی تنظیم سربراہان مملکت کونسل کے اجلاس کے اعلامیے پر دستخط کی تقریب کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوئی۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان 27-2026 کیلئے شنگھائی تتاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان مملکت کونسل کی صدارت سنبھالے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او اجلاس کے اعلامیے پر دستخط کیے۔