بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے سابق ڈائریکٹر سمیت تین افراد پر کرپشن الزامات عائد

تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد بورڈ ڈائریکٹر نے جنوری میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا


ویب ڈیسک September 01, 2026

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے انٹیگریٹی یونٹ نے سابق بورڈ ڈائریکٹر سمیت تین افراد پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی مختلف شقوں کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر دیے ہیں۔

بی سی بی کے مطابق تینوں افراد کے خلاف کارروائی گزشتہ سیزن کی بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں مختلف حیثیتوں سے ان کی شرکت کے حوالے سے کی گئی ہے۔

بورڈ نے منگل کو جاری کردہ اعلامیے میں بتایا کہ سابق بی سی بی ڈائریکٹر مخلص الرحمان بھی ان تین افراد میں شامل ہیں جن پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

انٹیگریٹی یونٹ نے صحافی ریاضد عظیم کی جانب سے جنوری میں اپنے آفیشل فیس بک پیج پر شائع کی گئی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد مخلص الرحمان کے خلاف تحقیقات شروع کی تھیں۔ وہ 6 اکتوبر کے انتخابات کے بعد بی سی بی کے ڈائریکٹر منتخب ہوئے تھے جبکہ بعد ازاں امین الاسلام نے انہیں آڈٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔

تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد مخلص الرحمان نے جنوری میں بی سی بی میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

یہ تازہ کارروائی بی سی بی کے انٹیگریٹی یونٹ کی جانب سے بی پی ایل کے گزشتہ چند ایڈیشنز میں مبینہ بدعنوانی کی مجموعی تحقیقات کا حصہ ہے۔

اس سے قبل رواں سال مئی میں بھی بی سی بی کی کرپشن تحقیقات کے دوران چار دیگر افراد، جن میں ایک مقامی کرکٹر بھی شامل تھا، پر الزامات عائد کیے گئے تھے۔ ان میں 26-2025 کے بی پی ایل میں چٹوگرام رائلز سے وابستہ سمین الرحمان کو بیٹنگ سے متعلق سرگرمیوں سمیت دیگر الزامات میں ملوث پائے جانے پر تاحیات پابندی عائد کی گئی تھی۔

دوسری جانب بی سی بی کے صدر تمیم اقبال حال ہی میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ بی پی ایل کو موجودہ طرز پر جاری رکھنے کے حق میں نہیں ہیں جس کے باعث لیگ کے مستقبل کے فارمیٹ اور انتظامی نظام پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔