کراچی، میئر مرتضیٰ وہاب کا شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ

ان شاء اللہ بہت جلد صہبا اختر روڈ مکمل ہوگا، میئر کراچی


محمد شاہ میر خان September 01, 2026

کراچی:

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔

انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے گلشن ٹاؤن کی حدود میں زیرِ تعمیر صہبا اختر روڈ اور شاہراہِ قائدین کا بھی جائزہ لیا۔

محکمہ انجینئرنگ کی جانب سے میئر کراچی کو جاری کاموں پر بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گلشن ٹاؤن میں جن کا کام تھا، وہ عوام اور اپنا کام چھوڑ کر دھرنے کا چورن بیچ رہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے ہر وقت عوامی خدمت کے لیے مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جس رفتار سے کام کروا رہے ہیں جماعتِ اسلامی نے اس کی ڈبل رفتار سے رونا دھونا اور شور شروع کردیا ہے۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ بہت جلد صہبا اختر روڈ مکمل ہوگا جبکہ 170 روڈ پر بھی کام شروع ہونے والا ہے۔