اسلام آباد:
بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کی پانچویں برسی کے موقع پر اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے سید علی گیلانی کی جدوجہد، قربانیوں اور اصولی مؤقف کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے کہا کہ سید علی گیلانی قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود اپنے مشن اور عزم پر کاربند رہے۔
مقبوضہ کشمیر کے عوام جرات و بہادری سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں اور بھارتی مظالم کشمیریوں کے آزادی کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکے۔ کشمیری قوم حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ سید علی گیلانی نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے گراں قدر خدمات اور قربانیاں دیں اور پاکستان سے گہری محبت و غیر متزلزل وابستگی رکھتے تھے۔
دفتر خارجہ کے ڈی جی ساؤتھ ایشیا سجاد حیدر نے سید علی گیلانی کو کشمیری عوام کا ثابت قدم اور بہادر رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی مزاحمت، قربانی اور حق خودارادیت کے لیے غیر متزلزل عزم کی علامت رہی۔ طویل نظربندی، قید و بند اور مسلسل دباؤ بھی ان کے عزم کو متزلزل نہ کرسکا۔
سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ سید علی گیلانی پاکستان کے اصولی مؤقف اور نظریے کے ساتھ ہمیشہ ثابت قدم رہے ان کی جدوجہد اور فکر آج بھی تحریک آزادی کشمیر کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
سابق سفیر عبدالباسط نے کہا کہ سید علی گیلانی پاکستان سے گہری محبت رکھتے تھے اور ہمیشہ کہتے تھے کہ مضبوط پاکستان کے بغیر مسئلہ کشمیر کے حل کا تصور ممکن نہیں۔
دیگر مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کردی، جبکہ ان کا بڑا وصف نظریاتی تربیت اور نئی نسل کی قیادت سازی تھا۔
مونومنٹ اسلام آباد میں بھی تقریب
سید علی گیلانی کی برسی کی مناسبت سے مونومنٹ اسلام آباد میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے ہمیشہ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ کا نعرہ بلند کرکے دنیا کو واضح پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے اور جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کی، ان کے مشن کے مطابق تنازع کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی کوشش ہر قیمت پر جاری رکھی جائے گی۔
آزاد کشمیر میں بھی سید علی گیلانی کو خراج عقیدت
عظیم حریت رہنما کی برسی پر آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ کوٹلی میں ریلی کے شرکا نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر ہمیشہ ظلم و ستم کیا، تاہم سید علی گیلانی نے اس ظلم کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی اور بھارتی مظالم کے سامنے کبھی نہیں جھکے۔
شرکا نے کہا کہ سید علی گیلانی پاکستان کے بڑے حامی اور کشمیریوں کے حقیقی نمائندہ تھے۔ ان کا نعرہ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ ہمیشہ بلند رہے گا۔