راولپنڈی میں مبینہ مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے میں سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں سی سی ڈی کا جرائم پیشہ افراد سے مقابلہ ہوا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے، سی سی ڈی کا جرائم پیشہ سے مقابلہ تھانہ چکلالہ کی حدود میں ہوا۔
حکام نے تصدیق کی کہ مقابلے میں کراس فائرنگ کے دوران سب انسپکٹر عدنان غیور شہید ہوگئے، سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب ملزم کا تعاقب کررہے تھے۔
تھانہ چکلالہ کہ حدود کیو کے ہائٹس سفاری فیز ون پہنچے تو ڈاکو نے فائرنگ کی، پولیس حکام نے کہا کہ سر میں گولی لگنے سے عدنان غیور شہید ہوگئے۔
دریں اثنا شہید سب انسپکٹر عدنان غیور کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، کمشنر راولپنڈی سلمان غنی، سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ایس ایس پی آپریشنز،
ایس ایس پی انوسٹیگیشن ،ایس پی سیکورٹی سمیت ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر پولیس افسران و اہلکاروں سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستوں سمیت افسران و اہلکاروں نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید سب انسپکٹر عدنان غیور کا جسد خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقہ تھانہ چکلالہ روانہ کردیا گیا۔
شہید سی سی راولپنڈی میں تعینات تھے انہوں نے لواحقین میں والدہ، اہلیہ اور بچوں کو چھوڑا ہے۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ راولپنڈی پولیس جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے دوران کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، شہید کے لواحقین ہمیں ہر گھڑی اپنے ساتھ پائیں گے، آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق شہید کے اہل خانہ کی ویلفئیر اولین ترجیح ہے۔