لوئر دیر:
رات گئے شدید بارش کے باعث بٹخیلہ بائی پاس کے قریب ندی میں شدید طغیانی آگئی، پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا اور اس دوران ٹرک ڈرائیور پانی میں بہہ کر لاپتا ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق لاپتا ٹرک ڈرائیور کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران نوے کلے شولگر کے مقام سے ڈرائیور کی جسدِ خاکی برآمد کرلی گئی۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق متوفی کی شناخت 32 سالہ خائستہ میر کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق پشاور سے بتایا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، دیر، سوات، کوہستان، بونیر، نوشہرہ، صوابی، مردان اور ایبٹ آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش کا امکان ہے، جبکہ ہری پور، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، کوہاٹ اور پاراچنار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ گزشتہ روز تخت بھائی میں 44، بالاکوٹ میں 26، کاکول میں 15، دیر زیریں میں 10، سیدو شریف میں 7، مالم جبہ میں 4 جبکہ کالام اور پٹن میں 2،2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔