راولپنڈی: معذور شہری کے گھر ڈکیتی کرنے والا گھریلو ملازم اور بیوی گرفتار

ملزمان سے مسروقہ رقم 4 لاکھ روپے، طلائی زیورات، موبائل فون، مسروقہ پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی


ویب ڈیسک September 02, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی میں کہوٹہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے معذور شہری کے گھر ڈکیتی کی واردات کرنے والے گھریلو ملازم اور اس کی بیوی کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان سے مسروقہ رقم 4 لاکھ روپے، طلائی زیورات، موبائل فون، مسروقہ پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی، مدعی مقدمہ کے مطابق ملزم اور اس کی بیوی کو فارم ہاؤس پر کام کاج کے لیے رکھا اور اپنے گھر رہائش دی تھی۔

مدعی مقدمہ نے کہا کہ گھریلو ملازم نے بیوی کے ہمراہ میری اہلیہ کو باندھ کر واردات کی اور فرار ہوگئے، کہوٹہ پولیس نے ٹیکنیکل و ہیومن انٹیلیجنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔

بعد ازاں ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تھانہ چکلالہ کی حدود میں سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور نے خطرناک اشتہاری عمر عرف چھینہ کی گرفتاری کی کوشش کے دوران جام شہادت نوش کیا،  اشتہاری مجرم نے اپنے آپ کو بچانے کے لیے سب انسپکٹر عدنان غیور پر سیدھا فائر کیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق   سب انسپکٹر عدنان غیور کے سر میں گولی لگنے سے وہ موقع پر شہید ہوگئے، آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید سب انسپکٹر عدنان غیور کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ  سب انسپکٹر عدنان غیور کے اہلخانہ کی مکمل دیکھ بھال اور ویلفیئر اولین ترجیح ہے، آئی جی پنجاب نے فائرنگ میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔