سوا لاکھ ای بائیکس؛ مریم نواز نے طلبہ سے ڈاؤن پےمنٹ وصولی روک دی

حکومت پنجاب ای بائیک پرانٹرسٹ اور انشورنس بھی ادا کرے گی، طلبہ کے لیے ماہانہ 3 ہزار روپے قسط مقررکرنے کی تجویز پراتفاق


ویب ڈیسک September 02, 2026
فوٹو: فائل

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایئر آف یوتھ کے تحت نوجوانوں کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم کے ذریعے صوبے کے طلبہ کو فراہم کی جانے والی سوا لاکھ سے زائد ای بائیکس کی ڈاؤن پے منٹ وصولی روک دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ سے ڈاؤن پیمنٹ وصول کرنے سے روک دیا اور طلبہ سے ماہانہ قسط کے علاوہ دیگر واجبات کی سفارشات مسترد کر دیں۔

حکومت پنجاب ای بائیک پر انٹرسٹ اور انشورنس بھی ادا کرے گی اور طلبہ کے لیے ماہانہ تقریباً 3 ہزار روپے قسط مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسی ہفتے ای بائیک پورٹل کھولنے کا بھی حکم دیا۔

پنجاب میں سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم کا دائرہ کار بتدریج گورنمنٹ ملازمین، ڈپارٹمنٹس، جنرل پبلک، ڈیلیوری بوائے تک وسیع کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے اس حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم میں ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت ملے گا اور سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم کی بائیک میں لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری نصب ہوگی۔

حکومت پنجاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خواہش مند طلبہ کو وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ای بائیک ڈرائیونگ کے لیے دو روزہ ٹریننگ بھی مفت کرائی جائے گی اور مذکورہ اسکیم میں اہل طلبہ کو 6 ہفتوں کے اندر بائیک کی فراہمی کے لیے اقدامات کا حکم دیا گیا ہے۔