فلمی دنیا سے سیاست میں آنے والے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ سی جوزف وجے نے ایک بزرگ خاتون کو اپنی بیش بہا عینک تحفے میں دے کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار وجے نے فلمی دنیا میں تہلکہ مچانے کے بعد اب سیاست کی دنیا میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں اور ایسے عوامی اقدمات اُٹھائے ہیں جس سے ان کی مقبولیت آسمان کو چھونے لگی ہے۔
ایسا ہی ایک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وزیراعلیٰ وجے تمام تر پروٹوکول کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک بزرگ خاتون سے گفتگو کرتے اور پھر انھیں اپنا قیمتی چشمہ پہناتے دکھائی دیتے ہیں۔
عینک کی قیمت کتنی ہے؟
میڈیا رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والی عینک کی شناخت DiorTag SU Black Rectangular Sunglasses کے طور پر کی گئی ہے۔
کرسچن ڈائر کی آفیشل ویب سائٹ پر اس ماڈل کی قیمت 490 امریکی ڈالر درج ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً ایک لاکھ 83 ہزار 600 سے زائد بنتی ہے۔
سیاہ فریم، نیلے لینز اور دھاتی ڈیزائن والی یہ عینک اٹلی میں تیار کی گئی ہے اور کمپنی کے مطابق یہ 100 فیصد UVA/UVB تحفظ فراہم کرتی ہے۔
بزرگ خاتون نے وجے سے کیا کہا؟
وجے سیلاب کے بعد زرعی سرگرمیوں کے سلسلے میں میٹور ڈیم کا دورہ کرنے کے بعد ایک مقامی فارم ہاؤس پہنچے جہاں ان کی ملاقات بزرگ خاتون چلم سے ہوئی۔
خاتون کے مطابق وجے نے سب سے پہلے ان سے پوچھا کہ ’’آپ نے کھانا کھایا ہے؟‘‘
انہوں نے جواب دیا کہ وہ کھانا کھائے بغیر صرف وجے کو دیکھنے کے انتظار میں بیٹھی تھیں۔
وجے نے ان کا نام پوچھا، صحت کے بارے میں دریافت کیا اور پھر اچانک اپنی ڈائر کی عینک اتار کر انہیں تحفے میں دے دی۔
خاتون ابتدا میں عینک لینے پر آمادہ نہیں تھیں تاہم وجے نے انہیں اسے رکھنے پر راضی کرلیا۔
فلموں جیسے ہی لگ رہے تھے
چلم نے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ وجے انہیں بالکل ویسے ہی لگ رہے تھے جیسے وہ اپنی فلموں میں نظر آتے ہیں۔
انھوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کبھی کوئی وجے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے تو وہ ان کے دفاع کے لیے کھڑی ہوں گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ملاقات کے دوران خاتون اپنی اصل مشکلات بتانا ہی بھول گئیں جیسے بڑھاپے کے باعث وہ جسمانی مشقت کرنے سے قاصر ہیں، ان کا راشن کارڈ گم ہوچکا ہے اور گزر بسر کے لیے امداد پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔
وجے نے میزبان خاندان میں روایتی دھوتیاں اور ساڑیاں بھی تقسیم کیں اور مقامی زراعت سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔
واضح رہے کہ بھارت کی تامل فلموں کے سپر اسٹار تھلاپتی وجے (جوزف وجے) نے 1984 میں بطور چائلڈ آرٹسٹ اداکاری شروع کی تھی، فروری 2024 میں اپنی سیاسی جماعت قائم کی اور 10 مئی 2026ء کو ریاست تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ بنے۔