لاہور کے علاقے بادامی باغ میں 9ویں جماعت کے امتحانات میں ناکام ہونے پر 16 سالہ طالبہ نے مبینہ طور پر پھندے سے جھول کر خودکشی کرلی۔
ایدھی حکام کے مطابق بادامی باغ کے علاقے میں نویں جماعت کے امتحان میں ناکامی پر دل برداشتہ ہو کر 16 سالہ طالبہ نور فاطمہ نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طالبہ نویں جماعت کے امتحان میں ناکامی کے بعد مبینہ طور پر انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور تحقیقاتی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس اور تحقیقاتی اداروں کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ایدھی رضاکاروں نے متوفیہ کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی۔ ایس پی سٹی فرحت عباس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
طالبہ کی موت کی خبر اہل خانہ کیلیے غم کا پہاڑ بن کر ثابت ہوئی جبکہ والدین شدت غم سے نڈھال ہوگئے۔