کراچی کے علاقے سمن آباد میں شاہین فورس سے فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈکیت ہلاک ہوگئے۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے ترجمان کے مطابق شاہین فورس تیموریہ نے کراچی کے علاقے سمن آباد میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ڈکیتوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان نے بتایا کہ شاہین فورس تیموریہ کے جوانوں نے نمک بینک بفر زون کے قریب مشکوک ملزمان کا تعاقب شروع کیا اور ملزمان کا سمن آباد کی حدود میں نزد مزیدار حلیم گوشت مارکیٹ سمن آباد کے قریب پولیس سے سامنا ہوا جہاں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کے نتیجے میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے، ہلاک ملزمان کے قبضے سے دو عدد پسٹل اور ایک موٹر سائیکل 125 برآمد ہوئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزمان کی شناخت بائیو میٹرک کے ذریعے کی جا رہی ہے اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے اور مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔