آئی سی سی ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 کی میزبانی سری لنکا سے لے کر بھارت کو دے دی گئی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایونٹ کے میزبان ملک کا باضابطہ اعلان کردیا۔
آئی سی سی کے مطابق ویمنز چیمپئنز ٹرافی میں 6 ٹیمیں شرکت کریں گی، ایونٹ 14 سے 28 فروری 2027 تک بھارت کے شہروں ممبئی اور ودورا میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں میزبان بھارت کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ایونٹ کے لیے ٹیموں کا انتخاب ویمنز ٹی20 رینکنگ کی بنیاد پر کیا گیا، جبکہ ٹاپ 6 ٹیموں کے تعین کے لیے 6 جولائی کوالیفکیشن کٹ آف تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پہلے سری لنکا کو دی گئی تھی، تاہم سری لنکا کو آئی سی سی گائیڈ لائنز کے مطابق بعض اصلاحات پر عملدرآمد کرنا باقی ہے۔ ان اصلاحات سے متعلق معاملات جولائی میں ہونے والی آئی سی سی سالانہ کانفرنس میں طے کیے گئے تھے۔
آئی سی سی نے میزبانی کے لیے بنگلادیش، بھارت اور جنوبی افریقہ سمیت تین امیدوار ممالک کے وینیوز کا جائزہ لیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی بورڈ نے بھارت کو میزبان مقرر کرنے کی تصدیق کردی۔