بین الصوبائی گاڑیاں چوری کرنے والا ملزم مقابلے میں گرفتار، 2 ساتھی فرار

ملزم کے خلاف گاڑی چوری، ناجائز اسلحہ اور منشیات کے مقدمات درج ہیں ، پولیس


اسٹاف رپورٹر September 03, 2026

کراچی:

بین الصوبائی گاڑیاں چوری کرنے والے گینگ کا ملزم پولیس مقابلے میں گرفتار کرلیا گیا جب کہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

گلشن اقبال عزیز بھٹی پارک روڈ پراینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کوگرفتارکرلیا گیا، جب کہ 2 ملزمان موقع پرسے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

گرفتار ملزم کی شناخت 65سالہ شاکر حسین ولد زبیر حسین کے نام سے کی گئی ۔ ایس ایس پی اے وی ایل سی خالد مصطفیٰ کورائی کے مطابق زخمی حالت میں گرفتارملزم شاکر پنجاب کے شہر خانیوال کے ریحان گینگ کا کارندہ نکلا۔

پولیس مقابلے کے دوران 2  ملزمان وسیم اور زین موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم بین الصوبائی سطح پر گاڑیاں چوری کرنے میں ملوث رہا ہے۔ گرفتار ملزم ماضی میں بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

ملزم کے خلاف گاڑی چوری، ناجائز اسلحہ اور منشیات کے مقدمات درج ہیں ۔ گرفتار ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔