حوثیوں کا بڑا میزائل حملہ، مغربی یمن میں 14 میزائل اور ڈرون داغنے کا دعویٰ

رپورٹ میں حملوں کے نتیجے میں ممکنہ جانی یا مالی نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں


ویب ڈیسک September 03, 2026

صنعا: حوثی جنگجوؤں نے یمن کے مغربی ساحل کے آبادی والے علاقوں کو 14 بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے ذریعے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ طائز کے محاذ پر فضائی دفاعی نظام نے کئی ڈرونز کو روک لیا، جبکہ مغربی ساحل کے مختلف علاقوں کے اوپر بھی بعض ڈرونز کو روکا گیا۔

فوجی ذریعے کے مطابق حوثیوں کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل مغربی ساحل پر تعینات فوجی دستوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔

رپورٹ میں حملوں کے نتیجے میں ممکنہ جانی یا مالی نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

یہ حملے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب یمن کے مغربی ساحل اور بحیرہ احمر کے اطراف میں سکیورٹی صورتحال بدستور کشیدہ ہے اور خطے میں میزائل و ڈرون حملوں کے باعث بحری و تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کے خدشات موجود ہیں۔