ایف آئی اے اینٹی ہیومن اسمگلنگ ونگ نے ملک گیر کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلروں کا گھیرا تنگ کردیا۔
مختلف شہروں میں کی گئی کارروائیوں کے دوران اشتہاری ملزمان اور اسمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ تمام ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے نے ڈی آئی خان میں کارروائی کرتے ہوئے محمد تنویر، شاہد حسین اور عبدالشکور کو گرفتار کیا۔ فیصل آباد سے 13 اشتہاری ملزمان اور اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان لوگوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹور کر فرار ہوگئے تھے۔ گرفتار ملزمان میں حسام ریاض، منظور عباس، رانا گلزار، امجد حسین، محمد وسیم، محمد افضل اور عاصم جمیل شامل ہیں۔
فیصل آباد سے گرفتار دیگر ملزمان میں نوید، محمد سلیم، علی نوشیروان، خرم شہزاد، اشفاق احمد اور ظہیر اقبال شامل ہیں۔ بہاولپور سے 2 اشتہاری ملزمان عطا محمد اور رشید بلوچ کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے محمد شہزاد، حبیب الرحمان اور حافظ محمد ادریس کو گرفتار کیا گیا۔ اسلام آباد میں کارروائی کے دوران احسان اللہ خان، عبدالواسط اور محمد عثمان کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملک بھر میں انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ گرفتار کیے گئے تمام ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔