پشاور: خیبرپختونخوا میں کونج کو زندہ پکڑنے کے سیزن 2026 کی اجازت

اعلامیے کے مطابق کونج کو زندہ پکڑنے کا سیزن یکم ستمبر سے 15 اکتوبر تک جاری رہے گا۔


ویب ڈیسک September 03, 2026

محکمہ وائلڈ لائف خیبرپختونخوا نے کونج کو زندہ پکڑنے کے سیزن 2026 کی اجازت دے دی، اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیے کے مطابق کونج کو زندہ پکڑنے کا سیزن یکم ستمبر سے 15 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں کونج کے شکار کے لیے 100 کیمپوں کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہر کیمپ کو ایک سیزن میں زیادہ سے زیادہ 15 کونجیں زندہ پکڑنے کی اجازت ہوگی۔

صرف کامن کرین اور ڈیموئزیل کونج کو قواعد کے تحت پکڑنے کی اجازت ہوگی، دیگر پرندوں کے شکار یا زندہ پکڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مخصوص علاقوں میں کونج کے شکار پر مکمل پابندی ہوگی۔ دریائے کرم، لکی مروت کے مخصوص ریفیوج اور زرمِلان میں کونج کے شکار پر پابندی ہوگی، جبکہ ممنوعہ علاقوں میں کیمپ اور کوٹہ صفر مقرر کیا گیا ہے۔

اجازت نامے صرف مجاز اضلاع کے رہائشیوں کو جاری کیے جائیں گے۔ کونج کو صرف روایتی طریقہ کار سے زندہ پکڑنے کی اجازت ہوگی، جبکہ الیکٹرانک آلات، فائرنگ یا جال کے ذریعے کرین پکڑنے پر سخت کارروائی ہوگی۔

کونجوں کی نقل و حرکت صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک محدود ہوگی، جبکہ رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک کونجوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔

شکار سیزن کے اختتام پر کیمپ ختم کرنا اور کونجوں کا اندراج لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 15 اکتوبر کے بعد کونجوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی، خلاف ورزی پر پرندے ضبط ہوں گے۔

کیمپ پرمٹ فیس 15 ہزار روپے جبکہ کونجوں کی سالانہ ملکیتی فیس 400 روپے فی پرندہ مقرر کی گئی ہے۔ ڈیموئزیل کونجوں کی سرکاری مالیت 7 ہزار اور کامن کرین کی 13 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

قواعد کی خلاف ورزی پر لائسنس منسوخ اور شکاری کو 5 سال کے لیے بلیک لسٹ کیا جائے گا۔ غیر قانونی شکار میں شکاری کے ساتھ کیمپ لیڈر کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

کونجوں کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وائلڈ لائف حکام کے مطابق خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔