وزیراعظم ہاؤس فائر ڈرل؛ سائرن، ایمرجنسی گیٹ کا نظام غیرمعیاری ہونےکا انکشاف

حفاظتی خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے، سی ڈی اے


اسامہ اقبال September 03, 2026
فوٹو: فائل

وزیراعظم ہاؤس کی فائر ڈرل کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ سائرن اور ایمرجنسی گیٹ کا نظام معیار کے مطابق نہیں ہے۔

ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں فرضی فائر اینڈ ریسکیو ڈرل منعقد ہوئی، سی ڈی اے کیپٹل ایمرجنسی سروسز نے فائر اینڈ ریسکیو رسپانس کا جائزہ لیا اور وزیراعظم ہاؤس میں سائرن اور ایمرجنسی گیٹ کا نظام معیار کے مطابق نہیں نکلا۔

ذرائع نے بتایا کہ فرضی ڈرل کے دوران فائر کال موصول ہونے کے 4 منٹ بعد G-5 فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گیا، ریسکیو وین اور برونٹو اسکائی لفٹ 9 منٹ میں موقع پر پہنچ گئے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈرل کے دوران فائر الارم، سائرن کی آواز انتہائی کم ہونے کی نشان دہی کی گئی، پاور کٹ کے بعد وزیراعظم ہاؤس کا الیکٹریکل گیٹ بھی نہیں کھل سکا۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ایمرجنسی کی صورت میں گیٹ کھولنے کے لیے دستی یا متبادل نظام فراہم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے کے مطابق سی ای ایس  فائر اینڈ ریسکیو کا مجموعی رسپانس بروقت اور تسلی بخش رہا جبکہ حفاظتی خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔