فلم انڈسٹری کی چکا چوند دنیا کے نامور اداکاراؤں کی چمک دمک کے پیچھے طویل جدوجہد اور تلخ تجربات ہوتے ہیں جنھیں وہ میک اپ میں چھپاتی ہیں۔
بالی ووڈ کی طرح بھارت کی ساؤتھ انڈین انڈسٹری میں بھی ایسی مثالیں ملتی ہیں جن میں جنوبی بھارتی اداکارہ چَرمیلا بھی شامل ہیں جنھوں نے پہلی بار اپنی نجی زندگی کے تلخ تجربات بتائے ہیں۔
اداکارہ چَرمیلا نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ محبت کے معاملات نے ان کی زندگی کو شدید متاثر کیا یہاں تک کہ پہلی محبت ناکام ہونے پر انھوں نے خودکشی کی کوشش بھی کی تھی۔
چَرمیلا نے مزید بتایا کہ ان کی پہلی محبت اداکار بابو انٹونی تھے جن سے ان کی ملاقات فلم Kadal کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔
دونوں نے متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا اور پہلے دوستی ہوئی پھر وقت کے ساتھ ان کے درمیان قربت بڑھ گئی اور وہ شدید محبت میں مبتلا ہوگئیں۔
اداکارہ چرمیلا کا کہنا تھا کہ پھربابو انٹونی امریکا چلے گئے اور کبھی واپس نہیں آئے جس پر میں شدید ذہنی صدمے کا شکار ہوگئی۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اس وقت انھوں نے اپنی کلائی کاٹ کر خودکشی کی کوشش کی تاہم ان کی والدہ نے بچا لیا۔
پہلی محبت کے بعد دو شادیاں بھی ناکام
اداکارہ چَرمیلا نے بتایا کہ بابو انٹونی سے تعلق ختم ہونے کے بعد ان کی زندگی میں کشور ستیا آئے جن سے شادی بھی ہوئی لیکن یہ رشتہ بھی زیادہ دیر نہ چل سکا اور 4 سال میں طلاق ہوگئی۔
طلاق کی وجہ بتاتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ شادی کے بعد ان کے شوہر کشور ستیا نے فلموں میں کام چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈالا اور میں نے اداکار وکرم کے ساتھ فلم کی پیشکش بھی ٹھکرا دی۔
بعد ازاں چَرمیلا نے ایک سافٹ ویئر انجینئر راجیش سے دوسری شادی کی مگر یہ رشتہ بھی طلاق پر ختم ہوگیا۔ دونوں کے درمیان بیٹے کی پرورش کے معاملے پر اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔
اپنی زندگی پر نظر ڈالتے ہوئے چَرمیلا نے اعتراف کیا کہ وہ مختلف ادوار میں بار بار محبت کے رشتوں میں داخل ہوتی رہیں اور اپنے سابقہ تجربات سے سبق سیکھنے میں ناکام رہیں۔
فلم انڈسٹری میں جنسی ہراسانی اور نامناسب رویے
چَرمیلا نے ملیالم فلم انڈسٹری میں اپنے تجربات پر بھی کھل کر بات کی اور دعویٰ کیا کہ انھیں کئی افراد کی جانب سے نامناسب رویوں کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ 28 افراد نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا جبکہ ایک پروڈیوسر پر ہراساں کرنے کی کوشش کا الزام بھی لگایا۔
انہوں نے ایک ہدایت کار سے متعلق بھی دعویٰ کیا کہ انہیں ایک فلم میں کام دینے کے معاملے پر تعاون کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
چَرمیلا اب اپنے عروج کے دور کی طرح فلموں میں زیادہ فعال نہیں تاہم وہ کبھی کبھار فلموں اور ٹی وی شوز میں نظر آتی ہیں۔