ملک میں 4 ہزار 761 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ؛ تعداد 3 لاکھ 11 ہزار سے متجاوز

کمپنی رجسٹریشن میں اضافہ کاروباری اعتماد اور ڈیجیٹل تبدیلی کا نتیجہ ہے، ایس ای سی پی


ویب ڈیسک September 04, 2026

سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے اگست 2026 کے دوران 4 ہزار 761 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کیں، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 11 ہزار 765 ہوگئی۔

ایس ای سی پی کے مطابق اگست میں 99.9 فیصد کمپنی رجسٹریشن آن لائن مکمل کی گئی، جب کہ اس ماہ کے دوران 3 غیرملکی کمپنیاں بھی پاکستان میں آئی ہیں۔

اگست میں 2 ہزار 762 پرائیویٹ اور ایک ہزار 846 سنگل ممبر کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ آئی ٹی سیکٹر 872 نئی کمپنیوں کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ ٹریڈنگ سیکٹر میں 732، سروسز میں 601 اور تعمیرات میں 295 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق سیاحت کے شعبے میں 232 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ اگست 2026 کے دوران پنجاب میں سب سے زیادہ 2 ہزار 547 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

اسی طرح اسلام آباد میں 843، سندھ میں 702 اور خیبر پختونخوا میں 407 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ گلگت بلتستان میں 151 اور بلوچستان میں 111 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق اگست میں 134 غیرملکی سرمایہ کاروں نے نئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی۔ ان غیرملکی سرمایہ کاروں میں 106 چینی سرمایہ کار شامل ہیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق کمپنی رجسٹریشن میں اضافہ کاروباری اعتماد اور ڈیجیٹل تبدیلی کا نتیجہ ہے۔