لاہور:
مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور سمیت بڑے شہروں سے میٹرو پولیٹن یا میونسپل کارپوریشن کے میئر کا عہدہ ختم کرنا لوکل گورنمنٹ سسٹم کو کمزور کرنے اور بیوروکریسی کو مضبوط کرنے کے مترادف ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میئر کا انتخاب ’ون مین ون ووٹ‘ کی بنیاد پر براہ راست ہونا چاہیے، مختلف ادوار میں دیگر اداروں یا اتھارٹیز کو بلدیاتی اداروں سے چھینے گئے آئینی اختیارات لوٹائے جائیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ اور مالی خود مختاری دی جانی چاہیئے، صوبائی حکومتیں صوبائی سطح پر اختیارات کا ارتکاز ختم کریں۔ پراونشل فنانش ایوارڈ کے ذریعے مرکز اور صوبے سے حاصل شدہ وسائل ضلعی سطح پر منتقل کیے جائیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک شہر میں چھ چھ اتھارٹیز ایک ہی کام کریں گی تو کام کیسے چلے گا؟ بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ میونسپل کمیٹیوں، کارپوریشنز اور کینٹونمنٹ بورڈز کے علاوہ یہی کام کرنے والے باقی تمام اداروں کا وجود آئین سے متصادم ہے۔