مینز جونیئر ایشیا کپ: پاکستان نے قازقستان کو 0-15 سے شکست دے دی

پاکستان کی جانب سے رانا عبدالسمیع اور رانا ولید نے شاندار ہیٹ ٹرکس سمیت 4، 4 گول اسکور کیے جبکہ ندیم خان نے 2 گول کیے


ذوالفقار بیگ September 04, 2026

مینز جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان نے قازقستان کو 0-15 سے شکست دے دی۔

چین میں جاری ایونٹ کے پول بی کے میچ میں پاکستان نے شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قازقستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-15 کے بھاری مارجن سے شکست دی۔

پاکستان ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ بنائے رکھا اور گول پوسٹ پر مسلسل حملے جاری رکھے۔

پاکستان کی جانب سے رانا عبدالسمیع اور رانا ولید نے شاندار ہیٹ ٹرکس سمیت 4، 4 گول اسکور کیے جبکہ ندیم خان نے 2 گول کیے۔

بشارت علی، غلام مصطفیٰ، علی عنصر، محمد یحییٰ نجیب اور حمزہ علی نے ایک ایک گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کے رانا ولید مین آف دی میچ قرار پائے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے گرین شرٹس کو اس شاندار اور یکطرفہ فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے آئندہ میچز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔