' پہلے ہی 6 بچے ہیں مزید نہیں پال سکتی'، ساتویں بچے کو نالے میں پھینکنے والی ماں گرفتار

مری پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے اور مکمل تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔


ویب ڈیسک September 04, 2026

ملکہ کوہسار مری میں 2 ماہ کے بچے کو نالے میں پھینک کر قتل کرنے کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔

پولیس کے مطابق قتل کے تانے بانے بچے کی ماں سے مل رہے ہیں، ملزمہ پہلے چھ بچوں کی پرورش کررہی تھی اور ساتویں بچے کی پرورش سے تنگ آکر اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔

ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا کے مطابق دو ماہ کے بچے کو یکم ستمبر کو نالے میں پھینکا گیا تھا، پولیس نے بچے کی لاش نالے سے برآمد کرلی ہے۔

پولیس تحقیقات کے مطابق واقعے کی مرکزی ملزمہ بچے کی ماں نبیلہ ہے۔ ملزمہ کے پہلے چھ بچے ہیں جبکہ مقتول اس کا ساتواں بچہ تھا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے مزید بچے کی پرورش نہ کرسکنے کو اقدام کی وجہ بتایا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمہ ماں نے کہا کہ اس کے پہلے ہی سے 6 بچے ہیں، وہ مزید بچے نہیں پال سکتی۔

ڈی پی او مری کے مطابق واقعے کا مقدمہ نمبر 541/26 درج کرلیا گیا ہے، جس میں قتل کی دفعہ 302 سمیت شواہد چھپانے اور بچے پر تشدد سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں، رضا تنویر سپرا کا کہنا ہے کہ مری پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے اور مکمل تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔