کراچی:
پاپوش نگر میں بلڈر کے بکنگ دفتر پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق جعمرات کی شب پاپوش نگر تھانے کے علاقے پاپوش نگر چوک کے قریب بلڈر کے بکنگ دفتر پر فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ کے زخمی ہونے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج میں بلڈرکے بکنگ دفترکے باہرسیکیورٹی گارڈ کو ڈیوٹی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں فائرنگ کرنے والے موٹر سائیکل سوارملزمان کو بھی دیکھا جاسکتا ہے، موٹر سائیکل چلانے والے ملزم نے پی کیپ اورموٹر سائیکل کی عقبی سیٹ پر بیٹھے ملزم نے ہیلمنٹ پہنا ہوا ہے موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان دفتر کے قریب پہنچے ہیں اور نامعلوم ملزمان نے بلڈر کے بکنگ دفتر پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈ 40 سالہ طارق حسن کندھے کے قریب گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا زخمی گارڈ کوطبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایچ اوپاپوش نگرشوکت حیات کے مطابق بلڈر کا کہنا ہے کہ اسے بھتہ پرچی یا کال موصول نہیں ہوئی، پولیس نے بلڈر کے دفتر کے باہر فائرنگ کے واقعے میں سیکیورٹی گارڈ کے زخمی ہونے کے واقعے کامقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے، واقعے کی تفتیش جاری ہے۔