سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے بگ باس کی میزبانی سنبھال لی

گنگولی 10 سال بعد دوبارہ کسی ٹی وی پروگرام کی میزبانی کر رہے ہیں


اسپورٹس ڈیسک September 04, 2026

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے کھیل کے میدان سے باہر ایک نیا چیلنج قبول کرتے ہوئے تقریباً ایک دہائی بعد ٹیلی ویژن پر میزبانی کے شعبے میں واپسی کرلی ہے۔

سارو گنگولی کو مقبول رئیلٹی شو ’بگ باس بنگلا‘ کے تیسرے سیزن کا میزبان مقرر کیا گیا ہے جس کی باقاعدہ نشریات 30 اگست سے اسٹار جلسا اور جیو ہاٹ اسٹار پر شروع ہوچکی ہیں۔

سابق بھارتی کپتان نے بگ باس کو ملک کا سب سے بڑا شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کی مقبولیت اور مختلف زبانوں میں اس کے پھیلاؤ نے اسے دیگر شوز سے منفرد مقام دیا ہے۔

گنگولی کے لیے یہ ذمہ داری اینڈیمول شائن انڈیا کے ساتھ پہلی وابستگی بھی ہے جبکہ وہ 10 سال بعد دوبارہ کسی ٹی وی پروگرام کی میزبانی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ماضی میں متعدد ٹی وی شوز کیے تاہم بگ باس کی میزبانی کا تجربہ ان کے لیے بالکل نیا ہے۔

واضح رہے کہ بگ باس بنگلا تقریباً ایک دہائی کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سلمان خان بدستور ہندی ورژن کی میزبانی کر رہے ہیں جس کا 20واں سیزن 6 ستمبر سے شروع ہوگا۔