پاکستان کسٹمز: 16.5 ملین کے نیلامی فراڈ میں ایک اہلکار، بولی دہندہ اور سہولت کار گرفتار

جعلی دستاویزات تیار کرنے والے کلرک کو فراڈ کا مرکزی منصوبہ ساز تاحال مفرور ہے، پاکستان کسٹمز


ویب ڈیسک September 04, 2026
فوٹو: فائل

کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے 16.5 ملین روپے کے نیلامی فراڈ کے الزام میں اپنے ہی ایک اہلکار، بولی دہندہ اور سہولت کار کو گرفتار کرلیا۔

پاکستان کسٹمز نے بیان میں کہا کہ فروری 2026 میں جعلی دستاویزات کے ذریعے 15 ملین روپے مالیت کا نیلامی سامان بغیر ادائیگی حاصل کیا گیا، اس فراڈ میں جعلی پی ایس آئی ڈی، ڈیلیوری آرڈر، این او سی اور انکم ٹیکس کی جعلی سی پی آر استعمال کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ نیلامی فراڈ میں ملوث آکشن برانچ کے اہلکار سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا یا ہے، جعلی دستاویزات تیار کرنے والے کلرک کو فراڈ کا مرکزی منصوبہ ساز قرار دیا گیا ہے اور وہ تاحال مفرور ہے تاہم ان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

پاکستان کسٹمز نے بتایا کہ گرفتار تینوں ملزمان نے دوران تفتیش اپنے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے اور عدالت نے گرفتار ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور کرلیا ہے۔

پاکستان کسٹمز کے مطابق16.5 ملین روپے کے فراڈ کی رقم کی ریکوری اور دیگر ممکنہ ملزمان کی نشان دہی کے لیے تحقیقات جاری ہیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی بدعنوانی اور بدعنوان طرز عمل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ہے۔