شدید بارش میں دہلی ایئرپورٹ واٹر پارک بن گیا؛ مسافر پھنس گئے، ویڈیو وائرل

دہلی آنے والی 5 پروازوں کا رخ بھی اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بجائے لکھنؤ ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا


ویب ڈیسک September 04, 2026
نئی دہلی میں شدید بارشوں نے نظام زندگی کو معطل کردیا

نئی دہلی میں ہونے والی شدید بارشوں نے نظام زندگی معطل کرکے رکھ دیا یہاں تک کہ ملک کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والا اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی تالاب بن گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شدید بارش کے باعث دہلی آنے والی 5 پروازوں کا رخ بھی اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بجائے لکھنؤ ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا جس سے فضائی آپریشن بھی متاثر ہوئے۔

ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا

ایئرپورٹ پر پھنسنے والی ایک مسافر منسی نے بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا کہ انھوں نے اپنی زندگی میں ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کے اطراف پانی کی مقدار بہت زیادہ تھی اور وہ تقریباً آدھے گھنٹے سے پانی کی سطح کم ہونے کا انتظار کر رہی تھیں تاکہ آمد کے دروازوں تک پہنچ سکیں۔

ایک اور مسافر نے بھی بتایا کہ وہ بھی تقریباً آدھے گھنٹے سے پانی اترنے کا انتظار کر رہی ہیں جب کہ ایک اور مسافر نے بتایا کہ تقریباً 2 سال قبل بھی ایئرپورٹ پر ایسی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔

دہلی کے کئی علاقوں میں پانی جمع

شدید بارش کے بعد صرف ایئرپورٹ ہی نہیں بلکہ دہلی کے مختلف علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے دہلی کے لیے یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔ بارش کے باعث نشیبی علاقوں اور انڈر پاسز میں پانی جمع ہونے کے ساتھ ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ متاثر ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہلکی سے درمیانی بارش، گرج چمک اور آسمانی بجلی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔

بعض مقامات پر آئندہ چند گھنٹوں کے دوران 50 سے 100 ملی میٹر تک شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس دوران 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے جبکہ جھکڑوں کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان بھی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سفر سے قبل ٹریفک اپ ڈیٹس چیک کرنے اور گرج چمک کے دوران بجلی کی تاروں اور دیگر برقی تنصیبات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔