اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری؛ فضائی حملے میں حماس کے اہم کمانڈر شہید

 محمد محمود مرشد القادی نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل کی ’سوفا‘ فوجی چوکی پر حملے کی قیادت کی تھی


ویب ڈیسک September 04, 2026
اسرائیل نے غزہ میں حماس کے ایک اور کمانڈر کو شہید کردیا

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں کارروائی کے دوران حماس کے ایلیٹ یونٹ ’نُخبا‘ کے کمپنی کمانڈر محمد محمود مرشد القادی کو نشانہ بنایا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ حماس کمانڈر کو انٹیلی جنس بنیادوں پر ملنے والی مصدقہ معلومات اور مسلسل نگرانی کے بعد موقع دیکھ کر قتل کیا۔

ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ حماس کمانڈر محمد محمود مرشد القادی نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے دوران سرحد کے قریب واقع ’سوفا‘ فوجی چوکی پر کارروائی کی قیادت کی تھی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ حماس کمانڈر محمد محمود مرشد القادی نے حالیہ جنگ کے دوران رفح کے علاقے میں اسرائیلی یرغمالیوں کو حماس کی قید میں رکھنے کی ذمہ داری نبھائی تھی۔

اسرائیلی فوج نے مزید الزام عائد کیا کہ حالیہ عرصے میں محمد محمود القادی حماس کے جنگجوؤں کی تربیت کر رہا تھا اور تنظیم کی عسکری صلاحیتوں کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششوں میں مصروف تھا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کمانڈر اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کے خلاف مزید حملوں کی منصوبہ بندی اور تیاری میں بھی ملوث تھا جسے اسرائیلی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی منظم خلاف ورزی قرار دیا۔ 

اسرائیلی فوج کےبقول اسی وجہ سے محمد محمود القادی کو نشانہ بنایا تاکہ اسرائیلی سرزمین اور شہریوں کو لاحق خطرے کو ختم کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس اور دیگر فلسطینی تنظیموں نے غزہ سے اسرائیل میں داخل ہوکر بڑا حملہ کیا تھا جس میں 1500 اسرائیلی مارے گئے تھے اور جواب میں اسرائیلی بمباری میں ایک لاکھ سے زائد شہید ہوچکے ہیں۔