خوبصورتی کے عالمی مقابلے مس گرینڈ انٹرنیشنل 2026 کی میزبانی بھارت سے چھن گئی منتظمین نے بھارت میں مقابلے کی تمام سرگرمیاں ختم کرکے باقی ایونٹ تھائی لینڈ منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔
مس گرینڈ انٹرنیشنل آرگنائزیشن نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو اور بیان میں کہا کہ بھارت نے میزبان ملک کے طور پر طے شدہ معاہداتی ذمہ داریاں اور مقررہ معیار پورے نہیں کیے جس کے باعث مقابلے کی باقی سرگرمیاں بھارت میں جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت میزبان ملک کو مقابلے کے دوران فائیو اسٹار معیار کی مہمان نوازی اور پروڈکشن سہولیات فراہم کرنا تھیں لیکن ان کے بقول یہ تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
’فائیو اسٹار‘ معیار پر بڑا سوال
مس گرینڈ انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ فائیو اسٹار معیار صرف شاہانہ انتظامات کے لیے نہیں بلکہ امیدواروں، عملے اور شراکت داروں کی حفاظت، آرام اور مجموعی تجربے کے لیے ضروری ہے۔
تنظیم مس گرینڈ انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ یہ معیار پورا نہیں کیا جاسکا اس لیے مقابلے کو بھارت میں جاری رکھنا امیدواروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے بہترین مفاد میں نہیں تھا۔
یوں عالمی بیوٹی پیجینٹ کا تاج پانے کی جنگ تو جاری رہے گی مگر بھارت کے لیے سب سے بڑا سوال یہ بن گیا ہے کہ میزبانی کے فائیو اسٹار معیار پر آخر وہ کہاں پیچھے رہ گیا؟
بھارت سے تھائی لینڈ تک ’مس گرینڈ‘ کا سفر
مس گرینڈ انٹرنیشنل کے بقول معاملہ حل کرنے کے لیے کئی مرتبہ بات چیت اور کوششیں کی گئیں تاہم طے شدہ معیار پورے نہ ہونے پر تنظیم نے بھارت میں سرگرمیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
اب مس گرینڈ انٹرنیشنل 2026 کی باقی سرگرمیاں تھائی لینڈ میں ہوں گی جہاں مقابلہ 18 ستمبر سے 10 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ میں مقابلے کے مقامات، شیڈول اور دیگر تفصیلات بعد میں باضابطہ طور پر جاری کی جائیں گی۔
بھارت کی نمائندگی کون کرے گی؟
خیال رہے کہ مس گرینڈ انٹرنیشنل کی میزبانی بھارت سے چھن جانے کے باوجود اس مقابلے کی بھارتی امیدوار مقابلے سے باہر نہیں ہوئی۔ لکشیتا تھلاگاراج مس گرینڈ انٹرنیشنل 2026 میں بھارت کی نمائندگی کریں گی۔
گزشتہ سال تاج کس کے سر سجا؟
مس گرینڈ انٹرنیشنل کا گزشتہ سال کا مقابلہ بینکاک، تھائی لینڈ میں منعقد ہوا تھا، جہاں فلپائن کی ایما ٹگلاو نے فاتح کا تاج اپنے نام کیا تھا۔
اب 2026 کا مقابلہ بھی تھائی لینڈ منتقل کیے جانے کے بعد ایک بار پھر اسی ملک کی میزبانی میں ہوگا۔
واضح رہے کہ مس گرینڈ انٹرنیشنل دنیا کے معروف بین الاقوامی بیوٹی مقابلوں میں شامل ہے جس میں مختلف ممالک کی نمائندہ حسینائیں شرکت کرتی ہیں۔ یہ پہلے بھارت میں جاری تھا لیکن اب تھائی لینڈ منقتل کیا گیا ہے۔