کراچی: ڈیفنس میں نوجوان پر انسانیت سوز تشدد کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

تشدد کا نشانہ بننے والا نوجوان علی جعفری مقدمہ درج کرانے ساحل تھانے پہنچ گیا


شاہ میر خان September 05, 2026

کراچی:

ڈیفنس فیز 8 میں انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بننے والا نوجوان علی جعفری مقدمہ درج کرانے ساحل تھانے پہنچ گیا ، ساحل پولیس نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے والے مرکزی ملزم ابراہیم ملک کو گرفتار کرلیا۔

متاثرہ نوجوان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دوستوں کے ساتھ ڈیفنس فیز 6 بخاری کمرشل کھانا کھانے گیا تھا علی فیصل نے گیمنگ کے لیے بلایا تھا ، کھانا کھا کر باہر نکلا تو سر پر بیس بال کا بلا مارا جس سے وہ بے ہوش ہوگیا بعدازاں گاڑی میں ڈال کر فیز 8 لے گئے ، میرا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ، اپنے کام سے کام رکھتا ہوں۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ کوئی مجھے اس بری طرح سے مارے گا ، واقعے کے بعد صدمے کا شکار ہوں ، میرا والٹ اکاؤنٹ استعمال کیا گیا۔

 نوجوان علی جعفری کا کہنا تھا کہ اپنے اوپر ہونے والے ظلم پر آواز اٹھانے کے لیے پولیس سے رابطہ کیا ہے اور اب تشدد کرنے والوں کے اہلخانہ صلح صفائی کی باتیں کر رہے ہیں ، مجھے بخاری کمرشل سے کار میں اغوا کر کے فیز 8 لیجایا گیا جہاں مجھ پر بدترین تشدد کیا گیا اور مجھ سے معافی مانگنے کا بولتے رہے ، مجھے اہلخانہ کی تصاویر دکھا کر دھمکی دی کہ اگر کسی کو کچھ بتایا تو اہلخانہ کو نقصان پہنچائیں گے۔

 نوجوان کا کہنا تھا کہ میرے والد دل کے مریض ہیں اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مجھ پر اور اہلخانہ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ صلح کر لو ، آج مجھے جس طرح سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا کل کو کسی اور کے ساتھ ایسا نہ ہو۔

 نوجوان کے ہمراہ موجود شہری نے بتایا کہ ویڈیو میں جو تشدد ہوا اس کے علاوہ بھی نوجوان علی جعفری کے ساتھ جو تشدد کیا ہے وہ مقدمے میں درج کرائینگے ، اہلخانہ پر شدید دباؤ ڈالا جا رہا ہے، آخری اطلاعات آنے تک مقدمہ درج کرانے کے لیے نوجوان علی جعفری اور اس کے ہمراہ دیگر افراد ساحل تھانے میں موجود تھے۔

 اس حوالے سے ایس ایچ او ساحل فاروق سنجرانی نے بتایا کہ پولیس نے علی جعفری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے مرکزی ملزم ابراہیم ملک کو گرفتار کرلیا ہے ۔