بیمار شوہر اور گھر کے اخراجات، معروف پاکستانی اداکارہ سڑک کنارے روزی کمانے پر مجبور

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجبوریاں انہیں سڑک تک لے آئیں


ویب ڈیسک September 05, 2026

کبھی ٹی وی اسکرین اور اسٹیج پر اپنی اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مسکان ملک آج معاشی مشکلات کے باعث کوئٹہ کی سڑکوں پر دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں فروخت کر کے اپنے گھر کا خرچ چلانے پر مجبور ہیں۔

مسکان ملک نے اپنی موجودہ صورتحال کے بارے میں بتایا کہ بے روزگاری، شوہر کی بیماری اور بڑھتے گھریلو اخراجات نے انہیں سڑک کنارے کام کرنے پر مجبور کر دیا مگر انہوں نے آج بھی خود کو فن کی دنیا سے الگ نہیں کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجبوریاں انہیں سڑک تک لے آئیں جہاں وہ دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں فروخت کر رہی ہیں لیکن انہیں اب بھی امید ہے کہ اداکاری کا کام ملے گا اور وہ دوبارہ اپنے فن کی طرف لوٹیں گی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

مسکان ملک کے مطابق وہ کرائے کے مکان میں رہتی ہیں جبکہ بجلی اور گیس کے بل، پانی کے ٹینکر اور علاج معالجے سمیت دیگر اخراجات پورے کرنا ان کیلئے انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ بعض اوقات صرف یوٹیلیٹی بل ہی 20 سے 25 ہزار روپے تک پہنچ جاتے ہیں۔

مسکان ملک نے محض 13 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور اپنے فنی سفر کے دوران متعدد ٹی وی ڈراموں اور اسٹیج پروڈکشنز میں کام کیا۔