وزیر توانائی کی نیٹ میٹرنگ صارفین کے ’معاملات‘ براہِ راست طریقے سے حل کرنے کی ہدایت

حکومت سولرائزیشن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ شفاف اور پائیدار نظام کی حامی ہے


ویب ڈیسک September 05, 2026

وزیر توانائی اویس لغاری کی خصوصی ہدایات پر 11 ہزار 695 زیرِ التواء نیٹ میٹرنگ درخواستیں حل کر دی گئیں، حل شدہ کیسز کے صارفین سے براہِ راست رابطہ شروع کر دیا گیا۔

نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی کے دوران مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیرِ التواء تھیں۔ اویس لغاری کی ہدایات پر زیرِ التواء نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی جامع تصدیق و توثیق شروع کی گئی۔ پی آئی ٹی سی 11 ہزار 695 صارفین سے میسج، واٹس ایپ اور ڈیجیٹل ذرائع سے رابطہ کر رہا ہے، صارفین اپنی نیٹ میٹرنگ درخواست کی حیثیت آن لائن پورٹل پر بھی چیک کر سکتے ہیں۔

نیٹ میٹرنگ درخواست کی جلد پراسیسنگ کے لیے کسی فرد کو کوئی فیس ادا نہ کریں۔ براہِ راست رابطے کا مقصد صارفین کو ایجنٹوں اور غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنا ہے۔ حکومت جائز نیٹ میٹرنگ صارفین کے معاملات شفاف طریقے سے بغیر کسی واسطے کے حل کر رہی ہے۔

باقی 4 ہزار 959 نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی قواعد و ضوابط کے مطابق تصدیق و توثیق جاری ہے۔ تصدیق کا مقصد جائز صارفین کے حقوق کا تحفظ اور غیر قانونی کنکشنز کی روک تھام ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سولر انرجی اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی بھرپور حامی ہے، حکومت سولرائزیشن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ شفاف اور پائیدار نظام کی حامی ہے۔ سولرائزیشن ملک کے توانائی کے مستقبل کا اہم حصہ ہے۔

اویس لغاری نے باقی زیرِ التواء نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی جانچ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ  صارفین کے جائز معاملات میں غیر ضروری تاخیر اور مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں،  ہر صارف کو اس کی درخواست سے متعلق واضح معلومات فراہم کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جائز صارفین کو قواعد و ضوابط کے مطابق ان کا حق ضرور ملنا چاہیے، نیٹ میٹرنگ صارفین کے جائز معاملات کو شفاف اور براہِ راست طریقے سے حل کیا جائے، حکومت سولرائزیشن کے فروغ کے ساتھ صارفین کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے۔