پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کےماہانہ کلائمٹ سمری کےمطابق ملک بھر میں اگست کے دوران اوسط بارش 45.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جومعمول سے 23 فیصد کم رہی۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق اگست 2026 کے دوران ملک کا اوسط درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جو معمول سے 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے اور گزشتہ 66 برسوں کے دوران اگست کا چھٹا گرم ترین مہینہ قرار پایا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں رات کے وقت کم سے کم اوسط درجہ حرارت 25.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 0.9 ڈگری زیادہ اور گزشتہ 66 برسوں میں ساتواں گرم ترین رہا۔
اسی طرح دن کے وقت زیادہ سے زیادہ اوسط درجہ حرارت 36.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جو معمول سے 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ اور اگست کے مہینے میں گزشتہ 66 برسوں کا ساتواں گرم ترین درجہ حرارت ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگست کے دوران ملک کا گرم ترین مقام بلوچستان کا شہر نوکنڈی رہا جہاں 20 اور 21 اگست کو پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، ماہ کا کم ترین درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ اگست کے دوران سب سے زیادہ بارش سندھ کے شہر مٹھی میں ہوئی جہاں 2 اگست کو 126 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور ماہانہ بنیاد پر راولپنڈی میں 586.6 ملی میٹر بارش کے ساتھ سب سے زیادہ مجموعی بارش ریکارڈ ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ وسطی استوائی بحرالکاہل میں سمندری سطح کے درجہ حرارت میں تقریباً 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ برقرار رہا جبکہ انڈین اوشن ڈائی پول بھی معمولی مثبت مرحلے میں ہے۔