معاشی بحران سے معاشی استحکام تک

ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ معاشی اصلاحات کا سفر طویل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں



پاکستان کی معیشت ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں محض بحران کا ذکر کافی نہیں، بلکہ بحران سے نکلنے کی سمت، حکمت ِ عملی اور مستقل مزاجی پر بات کرنا ضروری ہے۔ ہر معاشی مشکل اپنے اندر ایک موقع بھی رکھتی ہے، یہی وقت ہے کہ پاکستان وقتی اقدامات کے بجائے ایسی معاشی بنیادیں مضبوط کرے جو آنے والی نسلوں کے لیے استحکام، روزگار اور ترقی کا راستہ ہموار کریں۔

معاشی بحران کسی ایک دن یا ایک حکومت کی پیداوار نہیں ہوتا۔ اس کے پیچھے کئی برسوں کے فیصلے، عالمی حالات، توانائی کے مسائل، درآمدات و برآمدات کا عدم توازن، ٹیکس نظام کی کمزوریاں، قرضوں کا دباؤ اور پالیسیوں میں تسلسل کی کمی جیسے عوامل شامل ہوتے ہیں۔

اسی لیے اس کا حل بھی ایک دن میں ممکن نہیں، لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان کے پاس بحران سے نکلنے کی صلاحیت اور وسائل دونوں موجود ہیں۔اصل امتحان حکومت کا یہ ہے کہ وہ مشکل فیصلوں کو عوامی اعتماد کے ساتھ کس طرح جوڑتی ہے۔

معیشت کی بحالی کا پہلا اصول استحکام ہے۔ سرمایہ کار کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک میں معاشی پالیسی اچانک تبدیل نہیں ہوگی۔ صنعت کار کو یقین ہونا چاہیے کہ اس کی سرمایہ کاری محفوظ ہے۔ تاجر کو کاروباری ماحول میں غیر ضروری رکاوٹوں کا سامنا نہ ہو اور عام شہری کو یہ امید ہو کہ آج کی قربانی کل بہتر زندگی کی بنیاد بنے گی۔

دنیا میں وہی ممالک تیزی سے ترقی کرتے ہیں جہاں معاشی پالیسی میں تسلسل ہوتا ہے۔ حکومتیں تبدیل ہوتی ہیں، مگر قومی معاشی اہداف تبدیل نہیں ہوتے۔ پاکستان میں بھی اب یہ سوچ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے کہ معیشت کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے۔

پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں۔ ہماری نوجوان نسل تعلیم، ٹیکنالوجی، کاروبار اور تخلیقی صلاحیتوں میں دنیا کے کسی بھی ملک کے نوجوانوں کا مقابلہ کر سکتی ہے، اگر حکومت نوجوانوں کو ہنر، جدید تعلیم، ڈیجیٹل سہولتیں اور کاروبار کے مواقع فراہم کرے تو یہی نوجوان ملک کی معاشی سمت تبدیل کر سکتے ہیں۔خصوصاً آئی ٹی اور فری لانسنگ پاکستان کے لیے بہت بڑا مواقعے ہیں۔

ایک نوجوان اپنے گھر بیٹھ کر دنیا کے مختلف ممالک کے لیے کام کر سکتا ہے اور پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بڑے کارخانوں کی ضرورت نہیں بلکہ تربیت، تیز رفتار انٹرنیٹ، آسان ادائیگیوں اور کاروبار دوست پالیسی کی ضرورت ہے۔

اسی طرح پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے پر بھرپور توجہ دینا ہوگی۔ صرف روایتی مصنوعات پر انحصار کافی نہیں۔ ہمیں اپنی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن بڑھانا ہوگی۔ ہماری ٹیکسٹائل، چاول، کھیلوں کا سامان، سرجیکل آلات، زرعی پیداوار اور آئی ٹی خدمات عالمی مارکیٹ میں مزید جگہ حاصل کر سکتی ہیں۔

زراعت بھی پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، بہتر بیج، پانی کے موثر استعمال، ذخیرہ کرنے کی سہولت اور کسان کو منڈی تک براہِ راست رسائی فراہم کرکے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے، اگر ہم اپنی زرعی پیداوار کو صرف مقامی ضرورت تک محدود رکھنے کے بجائے برآمدی معیار کے مطابق تیار کریں تو پاکستان کے لیے نئی معاشی منڈیاں کھل سکتی ہیں۔

توانائی کا شعبہ بھی معاشی استحکام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ صنعت کو سستی اور مسلسل بجلی ملے گی تو پیداوار بڑھے گی، پیداوار بڑھے گی تو روزگار پیدا ہوگا، اور روزگار بڑھے گا تو عوام کی قوتِ خرید بہتر ہوگی۔ اس لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کو صرف مالی مسئلہ نہیں بلکہ قومی ترقی کا منصوبہ سمجھنا چاہیے۔

ٹیکس نظام میں اصلاحات بھی ناگزیر ہیں۔ پاکستان میں ایک منصفانہ اور وسیع ٹیکس نظام معیشت کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔ مقصد صرف موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور معیشت کے ان شعبوں کو دستاویزی بنانا چاہیے جو ابھی پوری طرح نظام کا حصہ نہیں۔

معاشی اصلاحات صرف اعداد و شمار بہتر کرنے کا نام نہیں۔ اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب عام آدمی کی زندگی بہتر ہوگی۔ جب نوجوان کو نوکری ملے گی، جب چھوٹا کاروبار آسانی سے شروع ہوگا، جب کسان کو اپنی فصل کا مناسب معاوضہ ملے گا اور جب متوسط طبقہ اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں زیادہ پُراعتماد ہوگا۔

پاکستان کے لیے ایک اور بڑا موقع معدنی وسائل ہیں۔ ملک میں موجود معدنی دولت کو شفاف، ذمے دارانہ اور جدید طریقے سے استعمال کیا جائے تو یہ معاشی ترقی کا اہم ذریعہ بن سکتی ہے، تاہم صرف خام معدنیات نکال کر فروخت کرنا کافی نہیں، ہمیں مقامی صنعت اور ویلیو ایڈیشن کی طرف جانا ہوگا تاکہ زیادہ روزگار اور زیادہ معاشی فائدہ پاکستان کے اندر پیدا ہو۔

سیاحت بھی پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ شمالی علاقہ جات سے لے کر تاریخی شہروں اور ساحلی علاقوں تک پاکستان کے پاس قدرتی اور ثقافتی خوبصورتی کی کمی نہیں۔ بہتر انفراسٹرکچر، سیکیورٹی، صفائی اور سہولتوں کے ذریعے ملکی و غیر ملکی سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

معاشی استحکام کے لیے بیرونِ ملک پاکستانیوں کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں پاکستانی اپنے ملک سے جڑے ہوئے ہیں، اگر سرمایہ کاری کے لیے آسان، شفاف اور قابلِ اعتماد نظام بنایا جائے تو بیرونِ ملک پاکستانی صرف ترسیلاتِ زر بھیجنے والے نہیں بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے بڑے شراکت دار بھی بن سکتے ہیں۔

لیکن ان تمام اقدامات کے لیے ایک بنیادی چیز ضروری ہے سیاسی اور پالیسی استحکام۔دنیا کا سرمایہ وہاں جاتا ہے جہاں اسے مستقبل نظر آتا ہے، اگر پالیسی مسلسل تبدیل ہو، کاروباری قوانین غیر یقینی ہوں اور سیاسی کشیدگی مستقل رہے تو سرمایہ کار انتظار کو ترجیح دیتا ہے۔

اس لیے پاکستان کی سیاسی قیادت کو معیشت کے بنیادی معاملات پر وسیع قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہوگا۔پاکستان میں آج بھی بے شمار ایسے لوگ موجود ہیں جو خاموشی سے ملک کی معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فیکٹری کا مزدور، کھیت کا کسان، دکان دار، استاد، ڈاکٹر، انجینئر، فری لانسر، بیرونِ ملک پاکستانی اور چھوٹا کاروباری شخص—یہ سب پاکستان کی معاشی گاڑی کے اہم پہیے ہیں،ہمیں ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی۔

معاشی بحران سے نکلنے کے لیے حکومت کو تین چیزوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے: پالیسی کا تسلسل، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی اعتماد۔اگر یہ تینوں چیزیں مضبوط ہو جائیں تو پاکستان کے لیے معاشی استحکام کا راستہ بہت واضح ہو سکتا ہے۔

ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ معاشی اصلاحات کا سفر طویل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔ پاکستان نے ماضی میں مشکل حالات سے نکلنے کی صلاحیت ثابت کی ہے۔ آج بھی ہماری سب سے بڑی طاقت ہماری قوم ہے۔ضرورت صرف یہ ہے کہ ہم بحران کو اپنی قسمت نہ سمجھیں۔

اگر حکومت مستقل مزاجی سے اصلاحات جاری رکھے، ادارے اپنی ذمے داریاں موثر انداز میں ادا کریں، کاروباری طبقہ سرمایہ کاری بڑھائے، نوجوان اپنی صلاحیتیں استعمال کریں اور عوام قومی ذمے داریوں میں اپنا حصہ ادا کریں تو معاشی بحران سے معاشی استحکام تک کا سفر نہ صرف ممکن ہے بلکہ پاکستان کے لیے ایک نئے دور کا آغاز بن سکتا ہے۔

آج ہمیں بحران کے شور سے زیادہ حل کی آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے اور یہی وقت ہے کہ پاکستان صرف بحران سے نکلنے کا نہیں، بلکہ مستحکم، خوداعتماد اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان بننے کا فیصلہ کرے۔