پی ایس ایل 12  آئندہ سال جنوری میں کرانے کی تجویز سامنے آگئی

پی سی بی اور پی ایس ایل کی آٹھ فرنچائزز کے مالکان کے درمیان جنوری میں لیگ کے انعقاد پر بات چیت جاری ہے


ویب ڈیسک September 05, 2026

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا اگلا سیزن پی ایس ایل 12 آئندہ سال جنوری میں کرانے کی تجویز سامنے آگئی۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پی سی بی اور پی ایس ایل کی آٹھ فرنچائزز کے مالکان کے درمیان جنوری میں لیگ کے انعقاد پر بات چیت جاری ہے۔ یکم ستمبر کو لندن میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں بھی اس حوالے سے اہم تجاویز پر غور کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق میڈیا رائٹس ہولڈر کی جانب سے پی ایس ایل کو اپریل، مئی کی بجائے جنوری میں منتقل کرنے کی تجویز دی گئی جس کی ایک وجہ اپریل، مئی کی ونڈو میں محدود اشتہاری آمدن بتائی گئی ہے۔

تاہم جنوری میں لیگ کرانے کی صورت میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے کیونکہ اسی عرصے میں بگ بیش لیگ (بی بی ایل) اور جنوبی افریقا کی لیگ بھی جاری ہونے کا امکان ہے۔

اجلاس میں پنجاب میں سردی اور دھند کے باعث جنوری اور فروری میں میچز کے انعقاد پر بھی خدشات کا اظہار کیا گیا۔ اس حوالے سے کراچی سے پی ایس ایل شروع کرکے بعد ازاں پنجاب اور پشاور منتقل کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

گورننگ کونسل کے اجلاس میں پی ایس ایل کی سرگرمیوں کو سال بھر وسعت دینے، پاکستان میں ای اسپورٹس کے شعبے میں داخل ہونے اور نوجوان شائقین کو لیگ کی جانب متوجہ کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سال کے وسط میں ایک اضافی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز بھی زیر غور آئی جس سے فرنچائزز اور براڈکاسٹرز کے لیے اضافی آمدن کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔