غزہ؛ بوکھلاہٹ کی شکار اسرائیلی فوج نے فائرنگ کو گولہ باری سمجھ کر میزائل شکن چلادیے

اپنے ہی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کو اسرائیل کے جدید فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم نے دشمن کا حملہ سمجھا


ویب ڈیسک September 05, 2026
اسرائیلی فوج کی فائرنگ کو گولہ باری سمجھ کر فضائی دفاعی نظام نے میزائل شکن چلادیے (اے آئی سے بنوائی گئی تصوراتی تصویر)

حماس، حزب اللہ اور ایران سے جنگ میں تھکی ہوئی اور خوف زدہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں موجود اپنی ہی فورسز کی فائرنگ کو فضائی خطرہ سمجھتے ہوئے بوکھلاہٹ میں انٹرسیپٹر میزائل داغ دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کا اعتراف ترجمان اسرائیلی فوج کے بیان میں کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی سرحد کے اوپر ایک مشتبہ فضائی ہدف کی نشاندہی کے بعد دفاعی نظام کو فعال کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ جس چیز کو فضائی ہدف سمجھا گیا تھا وہ دراصل غزہ کے اندر موجود اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ تھی۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تاہم غلط شناخت اور میزائل فائر ہونے کے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جدید دفاعی نظام سے غلط شناخت کیسے ہوئی؟

اسرائیلی فوج کے بقول فضائی نگرانی کے نظام نے غزہ کے علاقے سے آنے والے ایک مشتبہ سگنل یا ہدف کی نشاندہی کی اور ایسا پہلی بار ہوا کہ نشاندہی غلط ثابت ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ٹیکنیکل غلطی ہوسکتی ہے اور کوئی اور بھی وجہ ہوسکتی ہے جس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات جاری ہے۔ تاہم دہشت گردی کا عنصر شامل نہیں۔

وجہ کوئی بھی ہو ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے اسرائیل کے کثیر الجہتی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ممکنہ خطرات کی شناخت کے طریقہ کار پر بھی توجہ مرکوز کردی ہے۔

اسرائیل میں ایسا واقعہ پہلے بھی پیش آچکا ہے

اسرائیلی فوج کے دعوؤں کے برعکس تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے غلط شناخت کے نتیجے میں انٹرسیپٹر میزائل داغے جانے کے واقعات ماضی میں بھی سامنے آچکے ہیں۔

جولائی 2026 میں بھی اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے اوپر ایک غلط شناخت کے نتیجے میں انٹرسیپٹر میزائل لانچ کیے جانے کی تصدیق کی تھی جبکہ اس وقت بھی کسی اسرائیلی علاقے کو حقیقی حملے کا خطرہ نہیں تھا۔ 

اسی طرح 2018 میں بھی آئرن ڈوم نے غزہ سے ہونے والی فائرنگ کو غلط طور پر راکٹ حملہ سمجھ کر انٹرسیپٹر داغ دیا تھا۔ اس وقت اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ غزہ سے اسرائیل کی جانب کوئی راکٹ فائر نہیں کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل کا فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم اسرائیل کا مختصر فاصلے کے راکٹوں اور دیگر فضائی خطرات کے خلاف استعمال ہونے والا نظام ہے جبکہ اسرائیل کے پاس بیلسٹک میزائلوں کے لیے ایرو سمیت دیگر دفاعی نظام بھی موجود ہیں۔