راولپنڈی: فیس بک پر دوستی کے بعد شادی کا جھانسہ، 3 سال تک مالی استحصال اور جنسی زیادتی کا مقدمہ درج

وشال مجھے پیار محبت اور شادی کا جھانسہ دیکر تین سال سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا رہا ہے


صالح مغل September 06, 2026

راولپنڈی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر دوستی و جان پہچان کے بعد لڑکا اپنی دوست کو شادی کا جھانسہ دیکر تین سال تک مبینہ مالی استحصال اور زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ 

 تھانہ روات پولیس نے لڑکی جو ورکنگ ویمن ہے کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا، لڑکی نے کہا کہ   ہیئر ٹرانسپلانٹ کے ادارے میں اسسٹنٹ کی ملازمت کرتی ہوں اور ایک لاکھ روپے ماہانہ کماتی ہوں، فیس بک پر وشال اختر سے تین سال قبل جان پہچان ہوئی۔

مدعیہ کے مطابق بعد میں فون پر رابطہ ہوا تعلق  بڑھتا گیا وشال نے شادی کی یقین دہانی کرائی، مختلف اوقات میں وشال کو کپڑے جوتے گھڑی پرفیوم وغیرہ کے تحائف دئیے، وشال مختلف اوقات میں مجھ سے رقم بھی بٹورتا رہا، تمام اشیا جنکی مالیت دو لاکھ روپے بنتی ہے کہ رسیدیں وغیرہ بھی موجود ہیں۔ 

وشال نے مختلف اوقات میں نقد رقم تین لاکھ روپے بھی لی، اس دوران گھر والون سے ملوانے کا کہا میں نے ملا دیا تو اسکا گھر بھی  آنا جانا  شروع ہوگیا، گھر و برداری  میں بھی یہ بات پھیلی کہ میری شادی وشال سے ہونی ہے۔

وشال مجھے پیار محبت اور شادی کا جھانسہ دیکر تین سال سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا رہا ہے، اپریل میں بھی فیز سیون کے ہوٹل کے کمرے میں لے گیا جہاں زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا، ہوٹل آنے جانے کی تصدیق سی سی ٹی کیمروں سے بھی ہوسکتی ہے۔ 

 وشال نے دھمکیاں دیں کہ کسی کو بتایاتو  جان سے مار دوں گا، پتہ چلا ہے اس نے کسی اور سے شادی کررکھی ہے اور مجھ سے شادی سے انکار کردیا۔ 

وشال نے دھوکہ و جنسی استحصال کرکے پورے خاندان میں بدنام کیا اور کسی قابل نہ چھوڑا، رقم و تحائف بھی بٹورتا رہا، دھوکہ دہی کا مرتکب ہوا، قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

پولیس نے کہا کہ  مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تفتیش  جاری ہے۔