پشاور میں اربوں روپے کی لاگت سے لائنیں بچھانے کے باوجود شہری سوئی گیس سے محروم

رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ سے گزرنے والی مین پائپ لائن سے اربوں روپے کی لاگت سے پائپ لائنیں گلی گلی بچھائی گئی تھیں


اسٹاف رپورٹر September 06, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

پشاور میں سوئی گیس بحران پر قابو پانے کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے سوئی گیس پائپ لائنیں بچھانے کے باوجود شہری سوئی گیس کی سہولت سے محروم ہیں اور مہنگے داموں گیس سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے باسی کئی برس سے قدرتی گیس سے محروم ہیں، گیس بحران کو حل کرنے کے لیے پورے شہر میں سوئی گیس کے نئے پائپ بھچائے گئے، رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ سے گزرنے والی مین پائپ لائن سے اربوں روپے کی لاگت سے پائپ لائن گلی گلی بچھائے گئے، لیکن اس کے باوجود کمرشل اور گھریلو صارفین کو گیس کی سہولت میسر نہ ہو سکی۔

سوئی گیس پائپ لائن منصوبوں پر عوامی نمائندوں نے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی بھی کوشش کی لیکن اس کے باوجود شہری قدرتی گیس سے محروم ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے گیس کی فراہمی کے لیے جو اوقات کار مقرر کیے گئے ہیں ان اوقات میں بھی گیس میسر نہیں ہوتی۔

صارفین نے وزیراعظم، وفاقی وزیر پیٹرولیم اور ایم ڈی سے کہا ہے کہ وہ پشاور میں گیس کی اس سنگینی کا نوٹس لیں اور یہ باور کرائیں کہ مشین کے بغیر  گیس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔