کراچی: فائر سیفٹی اقدامات نہ ہونے پر متعدد پیٹرول پمپ سیل کر دیے گئے

پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے کارروائی پر اعتراض کرتے ہوئے اسے غیرقانونی قرار دیا ہے


اسٹاف رپورٹر September 06, 2026

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے انفورسمنٹ اینڈ امپلیمنٹیشن ڈیپارٹمنٹ نے فائر سیفٹی کے مناسب اقدامات نہ ہونے پر متعدد پیٹرول پمپس کو سیل کردیا۔

پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے کارروائی پر اعتراض کرتے ہوئے اسے غیرقانونی قرار دیا ہے۔ چیئرمین ملک خدا بخش کے مطابق کے ایم سی نے ڈیلرز کو 7 روز کا نوٹس دیا تھا، تاہم ایک روز بعد ہی بعض پیٹرول پمپس سیل کردیئے گئے۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ اس معاملے پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو شکایتی خط لکھ دیا گیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ سات روزہ تعمیلی مدت مکمل ہونے سے قبل پمپس سیل کرنے کے واقعے کی فوری انکوائری کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلرز کے خلاف کسی بھی اقدام سے قبل ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیا جائے اور فائر فائٹنگ ایکسٹنگوشرز سے متعلق خامیوں کو دور کرنے کے لیے مالکان کو معقول وقت دیا جائے۔

پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمینز طارق حسن اور انور کمال نے بھی سیل کیے گئے پمپس فوری ڈی سیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلرز کو خامیاں دور کرنے کا مناسب موقع دیا جانا چاہیے۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ ایسوسی ایشن میئر کراچی کے مثبت اقدامات کو سراہتی ہے، تاہم کسی بھی غیرقانونی اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ڈیلرز کو منصفانہ موقع فراہم کیا جانا چاہیے۔