غزہ: غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگ کے دوران تباہ ہونے والے گھروں کے ملبے سے حالیہ دنوں میں ملنے والی 100 فلسطینیوں کی میتوں کی غزہ سٹی کے علاقے زیتون میں اجتماعی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ شہدا میں 70 بچے بھی شامل تھے۔
اجتماعی جنازے میں شہدا کے لواحقین سمیت ہزاروں فلسطینیوں، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
میتوں اور انسانی باقیات کو تباہ شدہ گھروں کے ملبے کے قریب رکھا گیا اور ان پر فلسطینی پرچم لپیٹے گئے۔
غزہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں اور متاثرہ خاندانوں کے نمائندوں نے اس موقع پر تعزیتی اور یادگاری خطابات بھی کیے۔
نماز جنازہ کے بعد تمام میتوں اور باقیات کو زیتون کے علاقے میں واقع الاحلی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق امدادی ٹیمیں جنگ سے متاثرہ علاقوں میں ملبے سے اب تک تقریباً 900 لاشیں نکال چکی ہیں، جبکہ غزہ میں تقریباً 9 ہزار فلسطینیوں کی لاشیں اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔