لاہور:
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی بازیابی کے لیے انکی والدہ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
حماد اظہر کی والدہ نے بیرسٹر ابو زر سلیمان خان نیازی کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا ہے کہ دو روز قبل حماد اظہر کو ملتان سے حراست میں لیا گیا تھا لیکن انہیں تاحال کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ حماد اظہر کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت متعلقہ حکام کو حماد اظہر کی قانون کے مطابق گرفتاری ظاہر کرنے کا حکم دے۔
عدالت سے حماد اظہر پر درج مقدمے کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دینے کی بھی استدعا کی گئی۔ واضح رہے کہ حماد اظہر پر 9 مئی اور اس کے بعد کئی مقدمات درج ہیں۔