حماد اظہر کی بازیابی کیلئے والدہ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

پی ٹی آئی رہنما کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئیں


ویب ڈیسک September 07, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی بازیابی کے لیے انکی والدہ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

حماد اظہر کی والدہ نے بیرسٹر ابو زر سلیمان خان نیازی کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ 

درخواست گزار کے وکیل نے کہا ہے کہ دو روز قبل حماد اظہر کو ملتان سے حراست میں لیا گیا تھا لیکن انہیں تاحال کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ حماد اظہر کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت متعلقہ حکام کو حماد اظہر کی قانون کے مطابق گرفتاری ظاہر کرنے کا حکم دے۔

عدالت سے حماد اظہر پر درج مقدمے کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دینے کی بھی استدعا کی گئی۔ واضح رہے کہ حماد اظہر پر 9 مئی اور اس کے بعد کئی مقدمات درج ہیں۔

دوسری جانب حماد اظہر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئیں، پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر جناح ہاؤس حملے کے مرکزی مقدمے 96/23 میں بھی نامزد ملزم ہیں۔ حماد اظہر 48 مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں حماد اظہر 18 مقدمات میں مطلوب ہیں، انکے مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔ حماد اظہر کی گرفتاری مقدمہ نمبر 96/23 میں کیے جانے کا امکان ہے۔

حماد اظہر طویل عرصے سے روپوش تھے جس پر عدالت نے انہیں اشتہاری بھی قرار دے رکھا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کو حراست میں لیکر تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، جلد چالان مرتب کرکے ملزم کو عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔