بھارتی اداکارہ و ماڈل ایشا رکھی نے معروف ریپر بادشاہ سے علیحدگی کے بعد پہلی مرتبہ اپنے تعلق کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے اس دور کو اپنی زندگی کا ’بدترین وقت‘ قرار دے دیا۔
بگ باس 20 میں شرکت سے قبل بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ایشا رکھی نے بتایا کہ وہ طویل عرصے تک اپنی نجی زندگی اور بادشاہ کے ساتھ تعلق کے بارے میں عوامی سطح پر بات کرنے سے گریز کرتی رہیں۔
اداکارہ کے مطابق وہ اس شخص اور رشتے کو تحفظ دینا چاہتی تھیں جس سے وہ محبت کرتی تھیں، یہی وجہ تھی کہ انہوں نے دونوں کے درمیان پیش آنے والے معاملات کو کبھی میڈیا کے سامنے بیان نہیں کیا لیکن ان کے بقول ریپر انہیں صورتحال کی ایک مختلف تصویر پیش کر رہے تھے جو حقیقت نہیں تھی۔
ایشا نے اس مشکل وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود سے سوال کرتی تھیں کہ ’میں اتنی بے وقوف کیسے ہو سکتی ہوں؟‘ اور ان کے لیے یہ زندگی کا بدترین دور تھا۔
جب اداکارہ سے براہِ راست پوچھا گیا کہ کیا انہیں اپنے تعلق میں دھوکا محسوس ہوا تو انہوں نے جواب دیا، ’محسوس ہوا؟ میں کہوں گی کہ میرے ساتھ دھوکا ہوا، ہاں۔‘
ایشا رکھی کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ہی ان کے اور بادشاہ کے درمیان علیحدگی کی تصدیق سامنے آئی تھی۔
دوسری جانب بادشاہ نے تاحال ایشا رکھی کے حالیہ الزامات پر عوامی طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
