کراچی:
لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع پرانے کپڑے کی فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث دم گھٹنے سے دو مرد اور ایک خاتون کی حالت غیر ہوگئی۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ای پی زون میں فیکٹری میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیکر مزید فائر ٹینڈر طلب کر لیے گئے۔ اس وقت کے ایم سی 11 فائر ٹینڈر، دو باوزر اور ایک اسنارکل آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں، مزید فائر ٹینڈرز طلب کرلی گئیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ ابتداء میں گراؤنڈ فلور پر لگی پھر بالائی دو منزلوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، آگ سے نکلنے والا دھواں شدید نوعیت کا ہے، اس لیے باہر رہتے ہوئے فائر فائٹنگ کی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام نے فیکٹری کی عمارت کو مخدوش قرار دے دیا۔
سیکیورٹی گارڈ کے مطابق دھواں نکلتے ہی فیکٹری میں موجود ملازمین باہر آگئے تھے۔
چھیپا ذرائع کے مطابق حالت غیر ہونے والی خاتون کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ای پی زون سیکیورٹی نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے دیگر کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کو داخل ہونے سے روک دیا۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، فیکٹری میں موجود تمام ورکرز کو آگ پھیلنے سے پہلے نکال لیا گیا تھا، آگ کی شدت پر فائر بریگیڈ حکام قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس افسر نے بتایا کہ فائر فائٹنگ کے علاوہ کوئی دوسرا چیلنج درپیش نہیں، متاثرہ فیکٹری میں پرانے کپڑے کا ذخیرہ موجود تھا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق سندھ رینجرز کے جوان بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں، واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ رینجرز کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ رینجرز کے اہلکار فائر بریگیڈ اور ریسکیو کے عملے کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق متاثرہ عمارت کے گرد کارڈن کرکے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی، اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لانڈھی میں کپڑے کی فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے فیکٹری میں موجود افراد کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو آگ پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر کراچی اور متعلقہ انتظامیہ سے آتشزدگی کی صورتحال کی رپورٹ طلب کرلی۔