جاپان سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کیلیے 16.4 ملین ڈالر کی گرانٹ دے گا، معاہدے پر دستخط

منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے، وزارت اقتصادی امور


ویب ڈیسک September 07, 2026

پاکستان اور جاپان کے درمیان سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کے لیے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق جاپان منصوبے کے لیے 2.58 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کرے گا، جس کی مالیت تقریباً 16.4 ملین امریکی ڈالر ہے۔ منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔ اس منصوبے سے سیلاب کے خطرات سے دوچار آبادیوں کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

منصوبے کے تحت لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا۔ وزارت اقتصادی امور کے مطابق منصوبے سے سیلاب سے تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر ایکسچینج آف نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے دستخط کیے۔ گرانٹ معاہدے پر ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امور سبینہ قریشی اور جائیکا کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے دستخط کیے۔

سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ جاپان پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ قدر ترقیاتی شراکت دار ہے۔ جاپان کی مسلسل دوستی اور فراخدلانہ ترقیاتی معاونت قابلِ قدر ہے۔ محمد حمیر کریم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاپان کے پائیدار عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی جانب سے مسلسل ترقیاتی معاونت پاکستان کے لیے قابلِ قدر ہے۔

جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنائیں گے۔