عوام پر مزید بوجھ، ملک بھر میں بجلی نیٹ ورک استعمال کرنے کی یکساں قیمت لاگو

 اضافی چارجز تمام صارفین اوپن ایکسیز اور عام صارفین پر یکساں لاگو ہوں گے، نیپرا فیصلہ


ضیغم نقوی September 07, 2026

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی نیٹ ورک استعمال کرنے کی یکساں قیمت لاگو کرنے کا فیصلہ جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیپر نے بجلی نیٹ ورک استعمال کرنے کے چارجز (یو او ایس سی) یکساں لاگو کرنے کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے اوپن ایکسیز صارفین کے لیے ویری ایبل گرڈ چارجز مختلف کیٹیگریز کے حساب سے مقرر کردی۔

نیپرا کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بولی کے عمل میں حصہ لینے والے صارفین کے لیے ویری ایبل گرڈ چارجز 6.23 سے 19.62 روپے فی یونٹ مقرر جبکہ اس عمل سے باہر اوپن ایکسیز صارفین کے لیے سٹرینڈڈ قیمت کے ساتھ گرڈ چارجز 19.17 سے 32.56 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔

فیصلے کے مطابق نیپرا نے ملک بھر میں 11 کے وی کے لیے 8.04 فیصد جبکہ 132 کے وی کے لیے 1.51 فیصد یکساں ترسیلی نقصان کی بھی منظوری دے دی جس کے تحت تمام فکسڈ گرڈ چارجز 1.00 روپیہ فی کلوواٹ ماہانہ کی بنیاد پر وصول کیے جائیں گے ۔

نیپرا فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اضافی چارجز تمام صارفین اوپن ایکسیز اور عام صارفین پر یکساں لاگو ہوں گے۔ نیپرا نے وفاقی حکومت کو فیصلے کی گزٹ نوٹیفکیشن 30 دن کے اندر جاری کرنے کا حکم جاری کیا۔

نیپرا نے تمام ڈسکوز کو آئندہ سال کے لیے فوری طور پر یو او ایس سی پٹیشنز جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔