نئے صوبوں کے معاملے پر جو بھی متفقہ فیصلہ ہوا وہ سب کو ماننا ہوگا، وزیر دفاع

سندھ حکومت کا صوبوں کے معاملے پر فیصلہ اُن کا حق ہے، نئے انتطامی یونٹ وفاق کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہیں، خواجہ آصف


ویب ڈیسک September 07, 2026

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی اپنی اسمبلی یا صوبائی حکومت ہونا اچھا اقدام ہے، دنیا کے بہت سے دارالحکومتوں میں اس نوعیت کا نظام موجود ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں اس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، اگر اسلام آباد میں یہ نظام نافذ ہوتا ہے تو باقی صوبوں میں بھی اس پر عمل درآمد آسان ہوگا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ نئی دہلی میں بھی مکمل طور پر الگ حکومت موجود ہے جبکہ افغانستان میں بھی 34 سے 35 صوبے ہیں, صوبوں کے معاملے پر سخت رویہ اختیار کرنا میرے خیال میں درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کسی صوبے کے خلاف اقدام نہیں بلکہ وفاق کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے گا, نئے صوبوں کے بجائے نئے انتظامی یونٹس کی اصطلاح استعمال کی جائے تو زیادہ بہتر ہوگا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن یا وزیراعظم کی جانب سے نئے صوبوں کے حوالے سے کسی پیش رفت کا انہیں علم نہیں، صوبوں کے معاملے پر سندھ حکومت کا الگ مؤقف اختیار کرنا ان کا حق ہے، تاہم جب کوئی متفقہ فیصلہ ہوگا تو سب کو اسے ماننا ہوگا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوام کے مسائل کا حل عوام کا حق ہے۔