آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اوگرا نے 8 ستمبر کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے 90 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 358 روپے 77 پیسے پر پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ اوگرا نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے کا اضافہ کیا جس کے بعد فی لیٹر قیمت 381 روپے 77 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔
اوگرا کی جانب سے 8 ستمبر کیلیے تعین کردہ نرخ کا اطلاق رات 12 بجے سے کل تک ہوگا۔
سال 2026 میں اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی اضافے کا حجم 236 روپے 73 پیسے فی لیٹر رہا، جبکہ مجموعی کمی 147 روپے 88 پیسے فی لیٹر رہی۔ اس کے علاوہ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی اضافے کا حجم 404 روپے 77 پیسے فی لیٹر رہا، جبکہ مجموعی کمی 290 روپے 41 پیسے فی لیٹر رہی۔
سال کے آغاز سے 29 اگست تک پیٹرول مجموعی طور پر 88 روپے 85 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا جبکہ 29 اگست تک ڈیزل مجموعی طور پر 114 روپے 36 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔
۔پیٹرول کی قیمت میں سب سے بڑا سنگل اضافہ 4 اپریل کو 57 روپے 24 پیسے فی لیٹر ریکارڈ ہوا۔
ڈیزل کی قیمت میں سب سے بڑا سنگل اضافہ 4 اپریل کو 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر ریکارڈ ہوا۔ اس کے علاوہ پیٹرول کی قیمت میں سب سے بڑی سنگل کمی 20 جون کو 74 روپے 28 پیسے فی لیٹر ہوئی۔
ڈیزل کی قیمت میں سب سے بڑی سنگل کمی 11 اپریل کو 134 روپے 81 پیسے فی لیٹر ریکارڈ ہوئی۔
ڈیلی پرائس میکینزم کے آغاز سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی اضافہ 44 روپے 67 پیسے فی لیٹرجبکہ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی اضافہ 62 روپے 26 پیسے فی لیٹر رہا۔