مصنوعی ذہانت کا طلسم اور انسان کی شاندار واپسی

یہ کوئی فرضی کہانی یا سائنس فکشن فلم کا اسکرپٹ نہیں ہے، یہ آج کی کارپوریٹ دنیا کی وہ زمینی حقیقت ہے جو اب تیزی سے سامنے آ رہی ہے۔


شیخ جابر September 08, 2026

ایک پرانی، روایتی اور کھر دری سی کہاوت ہے کہ ’’تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا‘‘لیکن جب آج سے چند برس دنیا پرمصنوعی ذہانت کا بخار چڑھا، تو جدید ٹیکنالوجی کے پنڈتوں نے اس صدیوں پرانی کہاوت کو فرسودہ قرار دے دیا۔ذرا تصور کیجیے، رچرڈ ایک معروف عالمی آٹوموبائل کمپنی میں گزشتہ بیس سالوں سے کوالٹی کنٹرول انجینئر تھا، وہ گاڑی کے انجن کی آواز سن کر، یا چیسس پر محض ہاتھ پھیر کر بتا دیتا تھا کہ مینوفیکچرنگ میں کہاں خامی رہ گئی ہے۔ پھر ایک دن کمپنی کے بورڈ روم میں ایک پریزنٹیشن دی گئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایک نیا ’’اے آئی الگورتھم، مائیکرو سیکنڈز میں وہ خامیاں پکڑ سکتا ہے جو رچرڈ گھنٹوں میں تلاش کرتا ہے۔

نتیجہ؟ رچرڈ جیسے سیکڑوں تجربہ کار ملازمین کو ایک شکریہ کی ای میل کے ساتھ گھر بھیج دیا گیا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے لاگت بچانے پر جشن منایا، لیکن افسوس کہ یہ جشن عارضی ہوا۔ محض ایک سال بعد، اسمبلی لائن پر اچانک پراسرار خرابیاں پیدا ہونے لگیں۔ اے آئی کیمرے اور سینسرز ان خرابیوں کو پکڑنے میں ناکام رہے کیوں کہ مسئلہ نئے وینڈر کے فراہم کردہ پرزے کے میٹیریل میں تھا، جسے کوئی مشین محسوس نہیں کر سکتی تھی۔ پروڈکشن لائن رک گئی، کروڑوں ڈالر کا نقصان ہونے لگا۔ بالآخر، ایچ آرمینیجر کو اپنا غرور نگل کر رچرڈ کو فون کرنا پڑا۔ رچرڈ واپس آیا، لیکن اس بار محض ایک ملازم کے طور پر نہیں، بلکہ ایسی شرائط پر جس نے کمپنی کو یہ ماننے پر مجبور کر دیا کہ مشین انسان کی محتاج ہے۔

یہ کوئی فرضی کہانی یا سائنس فکشن فلم کا اسکرپٹ نہیں ہے، یہ آج کی کارپوریٹ دنیا کی وہ زمینی حقیقت ہے جو اب تیزی سے سامنے آ رہی ہے۔ کچھ عرصہ قبل تک یہ خوف پوری دنیا پر طاری تھا یا کر دیا گیا تھا کہ مصنوعی ذہانت انسانوں کو بے روزگار کر دے گی، دفاتر سنسان ہو جائیں گے اور ہر طرف مشینوں کا راج ہوگا، لیکن حیرت انگیز طور پر، اب ہوا کا رخ بدل چکا ہے۔ انسان اب خاموشی سے مگر انتہائی فیصلہ کن انداز میں، اے آئی سے اپنی نوکریاں واپس چھین رہا ہے۔

دنیا کی ایک معروف موٹر ساز کمپنی کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ کمپنی نے اپنے ان انجینئرز کو واپس بلا لیا ہے جن کی مہارت اور عملی تجربے کا مقابلہ کرنے میں مصنوعی ذہانت بری طرح ناکام رہی۔ کمپنی انتظامیہ پر یہ راز کھل گیا ہے کہ اے آئی معیار کی ممکنہ خامیوں کی نشاندہی میں ایک ’’ مددگار ٹول‘‘ تو ثابت ہو سکتی ہے، لیکن اس کی تمام تر کارکردگی کا انحصار اسے استعمال کرنے والے انسانی دماغ پر ہے۔

اسی ادراک کے تحت کمپنی نے حال ہی میں پروموشنز اور نئی بھرتیوں کے ذریعے اپنے عملے میں 350 سے زائد ٹیک ماہرین کو شامل کیا ہے۔اس سے بھی زیادہ دلچسپ اور حیران کن کہانی ٹیکنالوجی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ ’’آئی بی ایم‘‘کی ہے۔ یاد رہے کہ یہ وہی آئی بی ایم ہے جس نے 2023 میں بڑے طمطراق سے اعلان کیا تھا کہ وہ ان تمام عہدوں پر بھرتیاں روک رہا ہے جن پر اے آئی کام کر سکتی ہے۔ اس ایک اعلان سے مارکیٹ میں تہلکہ مچ گیا تھا اور ہزاروں نوکریاں خطرے میں پڑ گئی تھیں، لیکن آج، 2026 میں، اسی کمپنی نے اپنے تمام بزنس یونٹس میں انٹری لیول جابز اور بھرتیوں میں تین گنا اضافے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔

 ان کمپنیوں نے آخر یہ یوٹرن کیوں لیا؟ اس کی وجہ نہایت سادہ مگر چشم کشا ہے۔ کمپنی کو اربوں ڈالر اور قیمتی وقت ضایع کرنے کے بعد یہ سمجھ آ گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، تنقیدی سوچ اور حالات کے مطابق گفتگو کے ہنر کا مقابلہ کسی صورت نہیں کر سکتی۔ اگر ہم عالمی سطح پر ہونے والی تحقیقات اور سرویز کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو صورتحال مزید واضح ہو جاتی ہے۔

آئی ٹی ریسرچ کی سب سے بڑی فرم ’’گارٹنر‘‘ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، مصنوعی ذہانت کی وجہ سے ملازمین کو فارغ کرنے والی نصف (50 فی صد) کمپنیاں، ممکنہ طور پر 2027 تک انھی ملازمین کو دوبارہ نوکریاں دینے پر مجبور ہو جائیں گی۔اس سے بھی زیادہ تہلکہ خیز انکشاف ’’فاریسٹر‘‘کے سروے میں ہوا ہے۔ اس سروے کے مطابق 55 فیصد آجر آج اس بات پر خون کے آنسو رو رہے ہیں کہ انھوں نے اے آئی کے سراب کے پیچھے بھاگ کر اپنے قابل اور باصلاحیت ملازمین کو کیوں نکالا۔ ان 55 فیصد کمپنیوں کا ماننا ہے کہ اے آئی ان کی توقعات پر رتی برابر بھی پورا نہیں اتر سکی۔

مسئلہ یہ ہے کہ کمپنیوں نے سوچا تھا کہ وہ چند کاموں کو خودکاربنا کر انسانی وسائل سے جان چھڑا لیں گی، لیکن انھوں نے اس بات کو نظر انداز کر دیا کہ ایک انسان دفتر میں محض ایک روبوٹک کام نہیں کرتا۔ وہ بحران کے وقت فیصلے کرتا ہے، ساتھیوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی بناتا ہے، کلائنٹس کے ساتھ جذباتی اور نفسیاتی سطح پر تعلق قائم کرتا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ وہ ’’کامن سینس‘‘کا استعمال کرتا ہے، جو کسی بھی کمپیوٹر کوڈ میں نہیں لکھی جا سکتی۔

جب آپ ایک انسان کی جگہ مشین بٹھاتے ہیں، تو وہ شاید ٹائپنگ تیز کر لے یا ڈیٹا جلدی پراسیس کر لے، لیکن وہ اس تمام تر درپیش پیچیدگی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی جو ایک دفتر کے روزمرہ کاموں کا حصہ ہوتی ہے۔لیکن کیا اس ساری صورت حال کا مطلب یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کا دور ختم ہو گیا ہے؟ ہرگز نہیں۔ مستقبل کے حوالے سے یہ پیشین گوئی کرنا کہ ’’اے آئی بالکل ناکام ہو جائے گی‘‘اتنی ہی بڑی بے وقوفی ہوگی جتنی یہ سوچنا کہ ’’اے آئی انسان کو مکمل طور پر ختم کر دے گی۔‘‘مستقبل کا منظرنامہ دراصل ان دونوں انتہاؤں کے درمیان کہیں موجود ہے۔

مستقبل کی مارکیٹ میں انسان اور مشین کے درمیان مقابلہ نہیں ہوگا، بلکہ ان کا ایک نیا اشتراک جنم لے گا۔ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، لیکن یہ مواقع ان لوگوں کے لیے ہوں گے جو اس ٹیکنالوجی کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنا جانتے ہوں گے۔ آجروں کو یہ بات سمجھ آ چکی ہے کہ اے آئی ملازمین کے متبادل کے طور پر نہیں، بلکہ ایک ’’کو،پائلٹ‘‘کے طور پر ہی بہترین کام کر سکتی ہے۔ اب کوئی بھی سی ای اومحض ایک سافٹ ویئر وینڈر کی چکنی چپڑی باتوں میں آ کر اپنے تجربہ کار عملے کو نکالنے کی غلطی نہیں کرے گا۔

ہمیں پچھلے چند سالوں سے مسلسل یہ ڈراوا دیا جا رہا تھا کہ مشینی دماغ ہمارے انسانی دماغ کو شکست دے دے گا، مشینیں خودکار ہو کر دنیا پر قبضہ کر لیں گی اور انسان محض ایک تماشائی بن کر رہ جائے گا، لیکن ہم یہ بنیادی حقیقت بھول گئے تھے کہ مشین کے پاس ’’عقل‘‘ تو ہو سکتی ہے، لیکن ’’حکمت اور وجدان‘‘ نہیں۔وہ ایک شاندار خادم تو ہو سکتی ہے، مگر وہ کبھی ایک کامیاب جانشین نہیں بن سکتی۔