سوات:
مٹہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کرتے ہوئے 6 مسلح افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران علاقے کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے کر ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا جس میں 7.62 بور کی 2 ایس ایم جیز، مختلف بور کی رائفلیں اور پستول شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ملزمان سے متعدد میگزین اور سیکڑوں کارتوس بھی برآمد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں مشکوک اور غیر مقامی مسلح افراد کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔